نعت کیا ہے - نصیر سراجی

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search


"Naseer Siraji

بسلسلہ : نعت کیا ہے

شاعر : نصیر سراجی

اپنے ادارے کی نعتیہ سرگرمیاں، کتابوں کا تعارف اور دیگر خبریں بھیجنے کے لیے رابطہ کیجئے۔Email.png Phone.pngWhatsapp.jpg Facebook message.png

Youtube channel click.png

نعت کیا ہے ؟[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

نعت کیا ہے؟ ارتقائے فن کی معراج کمال

نعت کیا ہے؟چہرہء تخییل کاحسن وجمال

نعت کیا ہے؟ ذہن میں تعمیر جنت کا خیال

نعت کیا ہے؟ بربط دل کا سرود وجد وحال

نعت انعام خدا ہے ، تحفہء جبریل ہے

نعت ہے موضوع قرآں ، سرخی انجیل ہے


نعت اعجاز سخن ہے ، شاعری کا طور ہے

نعت خوشبوکا چمن ہے ، کہکشان نور ہے

نعت گفتار ملائک ہے ، نشید حور ہے

نعت عیسیٰ کی ندا ، داؤد کا مزمور ہے

قلزم افکار میں الہام کا موتی ہے نعت

حضرت روح القدس کےفیض سےہوتی ہےنعت


ہرصدی ہردور میں لکھی گئی نعت رسول

ہر زباں کو معتبر کرتی رہی نعت رسول

ہر زمانے کی فضاؤں نے سنی نعت رسول

گونجتی رہتی ہےہرسوآج بھی نعت رسول

پھر بھی کوئی منزل تکمیل تک پہنچا نہیں

دست انساں عرش کی قندیل تک پہنچا نہیں


نعت لکھنے کے لئے سچی عقیدت چاہیے

جذبہء تسلیم و تعظیم و اطاعت چاہیے

امتیاز حد توحید و رسالت چاہیے

جوش میں بھی پاس آداب شریعت چاہیے

نعت گوئی حرف ومعنی کا ہےنازک پل صراط

احتیاط ، اے شاعر افلاک پیما ! احتیاط


نعت کعب ابن زہیر اورکعب انصاری سےسیکھ

نعت عبد اللہ وشرف الدین بوصیری سےسیکھ

نعت برعی و رضی و احمد الشوقی سے سیکھ

رومی و عطار سے شیرازی و جامی سے سیکھ

نعت گوئی محض لفظوں کی فسوں کاری نہیں

عشق محبوب خدا ہے اس کی شرط اولیں


عشق ہے پیغام قرآں ، عشق ہے سر خدا

عشق ہے روح عبادت ، عشق ہے راز بقا

عشق ہے آواز فاراں ، عشق ہےصوت حرا

عشق ہے صدیق و فاروق وغنی و مرتضیٰ

از حرم تا کربلا بس عشق کی تفسیر ہے

عشق ہے صلح حسن ، جاں بازی شبیر ہے


روح کی تسکین، دل کاچین ہےعشق رسول

گنج بخش عظمت دارین ہے عشق رسول

صاحبان حق پہ فرض عین ہےعشق رسول

خالق و مخلوق کے ما بین ہے عشق رسول

ہر سحر بے نور ہے خورشید خاور کے بغیر

نعت ہو سکتی نہیں عشق پیمبر کے بغیر


اشک الفت سےوضوکرکےلکھی جاتی ہےنعت

سبز گنبد کے تصور میں پڑھی جاتی ہے نعت

جلوہءجاناں میں گم ہوکرسنی جاتی ہےنعت

قلب کے جزدان کے اندر رکھی جاتی ہے نعت

نعت کا ہر لفظ خالق کو بہت مرغوب ہے

در حقیقت نعت گو اللہ کا محبوب ہے


دیدہءگریاں کےقطروں سےنبی کی نعت لکھ

ماہتاب دل کی کرنوں سے نبی کی نعت لکھ

پاک اور بےلوث جذبوں سےنبی کی نعت لکھ

عشق سے لبریز لفظوں سےنبی کی نعت لکھ

نعت لکھنے کے لئے حسان کا دل چاہیے

صاحبان معرفت کا جذب کامل چاہیے


اللہ اللہ فیض توصیف و ثنائے مصطفیٰ

منبر نبوی پہ ہے مدحت سرائے مصطفیٰ

سرپہ تاج عشق کاندھے پر ردائے مصطفیٰ

پا رہے ہیں خوب انعام رضائے مصطفیٰ

منبر نبوی پہ پڑھنے کی سعادت بھی ملی

چادررحمت بھی جنت کی ضمانت بھی ملی


ماہ و انجم جھومتے ہیں آسماں کرتا ہے وجد

شمع محفل رقص کرتی ہےدھواں کرتا ہےوجد

نبض گل میں خوشبووں کاکارواں کرتاہےوجد

مصطفیٰ کی نعت سے ساراجہاں کرتاہے وجد

اڑ کے آتے ہیں فرشتے نعت سننے کے لئے

گلشن مدح نبی کے پھول چننے کے لئے


دل کے اندر گنبد خضرا سجا دیتی ہے نعت

روح کو چمکا کے آئینہ بنا دیتی ہے نعت

شاعری میں بھی عبادت کامزہ دیتی ہےنعت

عرش سے شاعر کی پیشانی لگادیتی ہےنعت

نعت کےالفاظ جب محشرمیں تولےجائینگے

جنت الفردوس کے دروازے کھولےجائینگے


اے خداوند دو عالم ! مالک حل و حرم

بندہء ناچیز پر بھی کھول دے باب کرم

عشق کی تحریک سےچلتارہےاس کا قلم

صرف تیری حمد اور نعت پیمبر ہو رقم

بس ترےالہام کی شرحیں ہوں من مانی نہ ہو

حشر میں آقا سنیں تو کچھ پشیمانی نہ ہو

مزید دیکھیے[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

نعت کیا ہے

اپنے ادارے کی نعتیہ سرگرمیاں، کتابوں کا تعارف اور دیگر خبریں بھیجنے کے لیے رابطہ کیجئے۔Email.png Phone.pngWhatsapp.jpg Facebook message.png

Youtube channel click.png
نئے اضافہ شدہ کلام
"نعت کائنات " پر اپنے تعارفی صفحے ، شاعری، کتابیں اور رسالے آن لائن کروانے کے لیے رابطہ کریں ۔ سہیل شہزاد : 03327866659
نئے صفحات