نعت کیا ہے - نمرہ گل خان

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search


Logo naat virsa.jpg

اپنے ادارے کی نعتیہ سرگرمیاں، کتابوں کا تعارف اور دیگر خبریں بھیجنے کے لیے رابطہ کیجئے۔Email.png Phone.pngWhatsapp.jpg Facebook message.png

Youtube channel click.png

شاعرہ: نمرہ گل خان

بسلسلہ : نعت کیا ہے

نعت کیا ہے؟[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

۞(ا)۞

نعت کیا ہے؟ خالقِ نُطق و سخن کی اک عطا

نعت کیا ہے؟ احمدِ مختار کی مدح و ثنا


۞(ب)۞

نعت کیا ہے؟ انتہائے شِعْرِیَت، اوجِ ادب

نعت کیا ہے؟عشق کی آتش، کبھی فرطِ طرب


۞(پ)۞

نعت کیا ہے؟ نغمۂ تارِ رگِ جاں کا الاپ

نعت کیا ہے؟ ہجر کا، اور وصل کا سچا ملاپ


۞(ت)۞

نعت کیا ہے؟ آیہ، آیہ مصحفِ ذات و صفات

نعت کیا ہے؟ گویا تفسیرِ وجودِ معجزات


۞(ٹ)۞

نعت کیا ہے؟ امرِ توفیقِ خداوندی کی بانٹ

نعت کیا ہے؟کفر و ایمانِ ازل کی کانٹ چھانٹ


۞(ث)۞

نعت کیا ہے؟ وردِ آدم، ابراہیم و نوح و شیث

نعت کیا ہے؟ جانِ ہست و بود کی قدسی حدیث


۞(ج)۞

نعت کیا ہے؟زخمی دل اور سوختہ جاں کا علاج

نعت کیا ہے؟ درد و راحت کا خمیر و امتزاج


۞(چ)۞

نعت کیا ہے؟ نغمئہ اہلِ وفا، اَزلوں کی سانچ

نعت کیا ہے؟ آتشِ ہجرِ رخِ احمد کی آنچ


۞(ح)۞

نعت کیا ہے؟ باعثِ اِفتاح بابِ انشراح

نعت کیا ہے؟ کامرانی کی سَنَد یعنی فلاح


۞(خ)۞

نعت کیا ہے؟ صاف کرتی ہے دلوں کے سب چٹاخ

نعت کیا ہے؟ جس کا دامن ہے بڑا فَرُّخْ فراخ


۞(د)۞

نعت کیا ہے؟ اک دوامِ سنّتِ ربّ العباد

نعت کیا ہے؟ شافعِ روزِ جزا پر اعتقاد


۞(ر)۞

نعت کیا ہے؟ رونقِ خلوت گہ و نورِ سحر

نعت کیا ہے ؟ شوکتِ جلوت گہِ جنّ و بشر


۞(ڑ)۞

نعت کیا ہے؟ پڑھنے والے کے لیے دوزخ سے آڑ

نعت کیا ہے ؟ خوفِ محشر کے لیے مضبوط باڑ


۞(ز)۞

نعت کیا ہے؟ سنتِ مولا، ادائے بے نیاز

نعت کیا ہے؟ نغمئہ دل، باعثِ سوز و گداز


۞(س)۞

نعت کیا ہے؟ جس کو پڑھنے سے گُھلے منھ میں مٹھاس

نعت کیا ہے؟ موسمِ تقدیس کا اُجلا لباس


۞(ش)۞

نعت کیا ہے؟ میرا سرمایہ، مرے گھر کی قُماش

نعت کیا ہے؟ ایک ثروت، سلسلئہ خوش معاش


۞(ص)۞

نعت کیا ہے؟جس کو پڑھنے سے ہوئے سب غم خلاص

نعت کیا ہے؟ سلسلہ ہے نور کا، اور وردِ خاص


۞(ض)۞

نعت کیا ہے؟ چاہیے جس کے لیے کاغذ بیاض

نعت کیا ہے؟ کورے کاغذ پر کھلا دے اک ریاض


۞(ط)۞

نعت کیا ہے؟ جس میں لازم ہے کمالِ احتیاط

نعت کیا ہے؟ کہیے جس کو ایک راہِ پل صراط


۞(ظ)۞

نعت کیا ہے؟ مخفی ہے جس میں ہر اک خوف و حفاظ

نعت کیا ہے؟ حشر میں رکھ لے گی یہ پردہ، لحاظ


۞(ع)۞

نعت کیا ہے؟ رحمتوں اور برکتوں کا اجتماع

نعت کیا ہے؟ خالقِ ارض و سما کی اِتّباع


۞(غ)۞

نعت کیا ہے؟ ہاتھ میں مَے نابِ تازہ کا ایاغ

نعت کیا ہے ؟ طاقِ خُمّارِ ہدایت کا چراغ


۞(ف)۞

نعت کیا ہے ؟ کعبۂ معنی کا اک مہکا غلاف

نعت کیا ہے ؟ لینتِ لفظِ محبت کا لحاف

۞(ق)۞

نعت کیا ہے؟ خوش کلامی، شاعری کا طُمْطراق

نعت کیا ہے؟ جلوۂ روئے نبی کا اشتیاق


۞(ک)۞

نعت کیا ہے؟ چرخِ احساس و تخیّل کی دھنک

نعت کیا ہے؟ قدس کے پھولوں کی اک لہکی مہک


۞(گ)۞

نعت کیا ہے؟ تارِ دل پر ہجر کا سازینہ ، راگ

نعت کیا ہے؟ طورِ عشق و بے خودی کی جلتی آگ


۞(ل)۞

نعت کیا ہے؟ عمدگی، شائِستگی، حُسن و جمال

نعت کیا ہے؟ وحدت و کثرت کا ربطِ اتّصال


۞(م)۞

نعت کیا ہے؟ انتخابِ لفظ کا اعلیٰ مقام

نعت کیا ہے؟ معنئ تنزیل کا اک اہتمام


۞(ن)۞

نعت کیا ہے؟ برجِ عالم میں ستاروں کا قران

نعت کیا ہے؟ عاشقانِ مصطفیٰ کا اک جہان


۞(ں)۞

نعت کیا ہے؟ ہے غموں کی دھوپ میں اک سائباں

نعت کیا ہے؟ صبحِ انوارِ حقیقت کی اذاں


۞(و)۞

نعت کیا ہے؟ ہر قصیدے اور غزل کی آب رو

نعت کیا ہے ؟ صنفِ سحر انگیز جانِ آرزو


۞(ہ)۞

نعت کیا ہے؟ نامئہ اعمال سے دھودے گناہ

نعت کیا ہے؟ دامنِ سرکار میں جائے پناہ


۞(ی)۞

نعت کیا ہے؟ جس میں پوشیدہ غذائے باطنی

نعت کیا ہے؟ جو بڑھائے قلب میں عشقِ نبی

۞(ے)۞

نعت کیا ہے؟ جس کا مطلع بنتا ہے الحمد سے

نعت کیا ہے ؟ جس کا مقطع بے تخلص ہی رہے


مزید دیکھیے[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

اپنے ادارے کی نعتیہ سرگرمیاں، کتابوں کا تعارف اور دیگر خبریں بھیجنے کے لیے رابطہ کیجئے۔Email.png Phone.pngWhatsapp.jpg Facebook message.png

Youtube channel click.png
نئے اضافہ شدہ کلام
"نعت کائنات " پر اپنے تعارفی صفحے ، شاعری، کتابیں اور رسالے آن لائن کروانے کے لیے رابطہ کریں ۔ سہیل شہزاد : 03327866659
نئے صفحات