غیر منقوط نعتیہ شاعری

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search

غیر منقوط شاعری ایک مشکل انداز ہے ۔ اس میں صرف ایسے حروف استعمال کئے جاتے ہیں جن میں نقاط نہ ہوں ۔

وہ حروف یہ ہیں ا۔ٹ۔ح۔د۔ڈ۔ر۔ڑ۔س۔ص۔ط۔ع۔ک۔گ۔ل۔م۔ں۔و۔ہ۔ء۔ی۔ے


غیرمنقوط شاعری کی روایت

انشاء اللہ خان انشا

انشاء اللہ خان انشا [1756-1817] ایک غیر معمولی اور ممتاز شاعر تھے ۔ انہوں نے بے نقط مثنوی اور دیوان لکھا ۔ عین ممکن ہے کہ اس صنعت کے بانی بھی وہی ہوں [حوالہ درکار ] ۔ انشا کے کچھ اشعار یہ ہیں

ہو عطر سہاگ لگا کر مسرور

آرام محل رکھ اسم دل کا او حور

وہ طور دکھا ہم کو کہ کل ہو معلوم

موسیٰ کا عالم اور وہ لمحہ طور

مرزا دبیر

مرزا دبیر کے کچھ غیر منقوط اشعار

اول سرور دل کو ہو ، اس دم وہ کام کر

ہر اہل دل ہو محو ، وہ مدح امام کر

حاصل صلہ کلام کا دارالسلام کر

کر اس محل کو طور وہ اس دم کلام کر


مرزا دبیر کا ایک مکمل غیر منقوط سلام : مسطور اگر کمال ہو سروِ امام کا

میر انیس

میر انیس کے ایک مرثیے میں ایک غیر منقوط بند

اس طرح کا والا ہمم ، اس طرح کا سردار

اس طرح کا عالم کا ممد اور مددگار

وہ مصور الہام احد ، محرم اسرار

وہ اصل اصول کرم داور دوار

حاصل ، اگر اِک مردہ دل آگاہ کو مارا

مارا اگر اس کو اسد اللہ کو مارا

غیر منقوط نعتیہ مجموعہ پیش کرنے والے شعرا

دور حاضر میں اس صنعت پر بہت کام ہوا ہے ۔ اور کچھ شعرا نے ایک دو کلام کیا مکمل مجموعے پیش کئے ہیں ۔

راغب مراد آبادی

غیر منقوط نعت گوئی میں سر فہرست راغب مراد آبادی ہیں ۔ آپ کا غیر منقوط نعتیہ مجموعہ مدح رسول 1983 میں چھپا ۔ اس میں چالیس نعتیں اور تیس رباعیاں تھیں ۔

سید محمد امین شاہ نقوی

1985 میں سید محمد امین شاہ نقوی کا غیر منقوط نعتیہ مجموعہ محمد ہی محمد اس میں پنجابی ، اردو ، فارسی اور عربی چار زبانوں میں 113 منظومات اور 19 قطعات شامل ہیں ۔ اس کے بعد انہوں نے 1989 میں محمد رسول اللہ کے نام سے اپنے غیر منقوط عربی مجموعہ کلام میں 33 منظومات ، 313 اشعار، 12 حمد اور 12 نعتیں پیش کیں ۔

سید مختار گیلانی

1993 میں میاں چنوں کے سید مختار گیلانی نے محامدِ وراء المعرآ کے نام سے اپنا غیر منقوط مجموعہ کلام پیش کیا ۔ اس میں سرائیکی ، پنجابی ، اردو ، فارسی ، عربی اورانگریزی زبان میں شاعری کی گئی ۔

منظر پھلوری

2013 میں جناب منظر پھلوری کا غیر منقوط مجموعہ کلام ارحم عالم منظر عام پر آیا ۔ اس مجموعہ کلام کو 2014 میں صدارتی ایوارڈ بھی ملا ۔


حدِ ادراک سے ماورائے گماں

وہ وریٰ الوریٰ کوئی اُس سا کہاں

وہ عطائے الہ ، سائر لا مکاں

ہادی ، کل وہی مرسلِ مرسلاں

مکمل کلام : حدِ ادراک سے ماورائے گماں

تابش الورى

جناب تابش الوری کا غیر منقوط نعتیہ مجموعہ سرکار دوعالمؐ کے نام سے شائع ہوا ہے۔


مزید غیر منقوط کلام

ادیب رائے پوری

وہ محکوموں کا حامی اور مدد گار

وہ محکوموں کا ہمدم اور روادار

وہ اُمّی اور وہ امّ الکلامی

کرے اللہ سے وہ ہمکلامی

مکمل کلام: وہ محکوموں کا حامی اور مدد گار

محمد ولی رازی

محمد ولی رازی نے سیرت النبی پر ایک غیر منقوط کتاب ہادی عالم لکھی اور اس کتاب کو صدارتی ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ محمد ولی رازی نے اس میں ایک غیر منقوط نعت مبارکہ بھی کہی ۔


ہر دم درود سرورؐ عالم کہا کروں

ہر لمحہ محو روئے مکرم ؐرہا کروں​

اسم رسولؐ ہوگا ، مداوائے درد دل​

صل علیٰؐ سے دل کے دکھوں کی دوا کروں​


مکمل کلام : ہر دم درود سرورؐ عالم کہا کروں

حسین الشیخ یوسف کھمباتی

سركارِ دو سَرا ہے محمد مرا رسول

عالَم كا مُدعا ہے محمد مرا رسول

سارى مراد ہے ملى ہم كو درود سے

دکھ درد كى دوا ہے محمد مرا رسول


مکمل کلام : سركارِ دو سَرا ہے محمد مرا رسول

= محمد اشفاق چغتائی

طلسم اسم ِ محمد کا دائرہ ہے کوئی

مری دعا کی کمائی کا سلسلہ ہے کوئی

کرم کی راہ سے آئے کسی سحر کی طرح

اسے کہو درِ امکاں کھلا ہوا ہے کوئی

مکمل کلام : طلسم اسم ِ محمد کا دائرہ ہے کوئی