نعتیہ استغاثہ بحضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وسلم ۔ پرویز ساحر

نعت کائنات سے
نظرثانی بتاریخ 08:50، 22 اکتوبر 2017ء از Admin (تبادلۂ خیال | شراکتیں)
(فرق) → پرانا نسخہ | تازہ ترین نسخہ (فرق) | تازہ نسخہ ← (فرق)
Jump to navigationJump to search


شاعر: پرویز ساحر


نعتیہ استغاثہ بحضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وسلم[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

حَبس بڑھنے لگا ' سانس گُھٹنے لگی ' یا نبیؐ ' یا نبیؐ !!

اب تو ہم پر ہو لُطف و عطا لِلّہی ' یا نبیؐ ' یا نبیؐ !!


چار سُو جیسے ظلمات کا دَور ہے ' کُفر کا زور ہے

ایسے میں ہیں فقَط آپ ہی روشنی ' یا نبیؐ ' یا نبیؐ !!


ہے پریشان خَلق ِ خدا آج کل ' کوئی اِس کا بھی حل

زندگی تلخ سے تلخ تر ہو گئی ' یا نبیؐ ' یا نبیؐ !!


اُمّتِ مُسلِمہ آج بیمار ہے ' خاصی لاچار ہے

کیجیے آپ ہی کوئی چارہ گَری ' یا نبیؐ ' یا نبیؐ !!


ہم ہیں راہِ ہِدایت سے بھٹکے ہُوئے ' خود سے اَٹکے ہُوئے

چاہیے ہے ہمیں آپ کی رہ بَری ' یا نبیؐ ' یا نبیؐ !!


کالی کملی میں اپنی چُھپا لیں ہمیں ' حوصلہ دیں ہمیں

ہم گُنہ گار ہیں آپ کے اُمّتی ' یا نبیؐ ' یا نبیؐ !!


ہم جو زندہ ہیں تَو آپ کا ہے کرم ' سیّد المحترَم !

آپ ہی کی بَہ دولت مِلی زندگی ' یا نبیؐ ' یا نبیؐ !!


آپ ہی سے ہے بَس لَو لگائی ہُوئی ' سب بنائی ہُوئی

آپ ہی تَو ہیں اِک شمّع اُمّید کی ' یا نبیؐ ' یا نبیؐ !!


کون ہے صاحِبِ ذی شعُور آپ سا ' دَہر میں دُوسرا

پھر عطا ہو ہمیں زات کی آگَہی ' یا نبیؐ ' یا نبیؐ !!


کب تلَک ہم رہیں آپ کے دَر سے دُور ' اِس طرح بے حضُور

اب تَو ہم کو مِلے مُژدہء حاضِری ' یا نبیؐ ' یا نبیؐ !!


میرے وِردِ زباں آپ کی نعت ہو ' آپ کی بات ہو

میرے ہونٹوں پہ جاری رہے ہر گھڑی ' یا نبیؐ ' یا نبیؐ !!


آپ کا ایک ادنٰی سا شاعِر ہُوں مَیں ' ایک ساحِرؔ ہُوں مَیں

ورنہ کیا شاعِری ۔۔ اَور کیا ساحِری ' یا نبیؐ ' یا نبیؐ !!

مزید دیکھیے[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

پرویز ساحر | حافظ محبوب احمد | ڈاکٹر عزیز فیصل | ڈاکٹر محمد حسین مشاہد رضوی | راحل بخاری | سلمان رسول | سید شاکر القادری | سید ضیا الدین نعیم | عباس عدیم قریشی | مجید اختر | محمد اسامہ سرسری | محمد عارف قادری | نورین طلعت عروبہ