بال بھارتی پونہ میں جشن سلیم شہزاد

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search


کشفیہ کی تقریب.jpg

رپورٹ : ظفر عابد محمد مصطفی، مالیگاؤں

بال بھارتی پونہ میں ’’جشن سلیم شہزاد‘‘[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

پونہ : نصابی کتابوں کی ترتیب و تدوین کے ریاستی ادارے بال بھارتی پونہ میں گیارہویں جماعت کی اردو درسی کتاب کے لیے منعقد کارگاہ کے موقع پر معروف نقاد اور ماہر زبان کی علمی وادبی خدمات کے اعتراف میں’’ جشن سلیم شہزاد‘‘ کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں نعت ریسرچ سینٹر، کراچی سے شائع ان کے تازہ ترین نعتیہ مجموعے ’’ کشفیہ‘‘ کی رونمائی کے ساتھ ساتھ ان کی شخصیت اور فن پر مقالات پیش کیے گئے ۔ اردو لسانی کمیٹی کے چیرمن ڈاکٹر سید یحییٰ نشیط کی صدارت میں منعقد اس پروقار ادبی تقریب کا آغاز ڈاکٹر محمد حسین مشاہدرضوی ( مالیگاؤں)کی تلاوتِ قرآن سے ہوا۔ بعد ازاں خان عارفہ نوید الحق( ممبئی) نے اپنی مترنم آواز میں کشفیہ سے نعت پاک پیش کرکے ماحول کو معطر و منور کردیا ۔ اس کے بعد بال بھارتی کے اسپیشل اردو آفیسر خان نوید الحق نے اپنے افتتاحی کلمات سے غرض و غایت پیش کی نیز ریاست کے مختلف شہروں سے تشریف لائے اساتذہ ،ادبا اور شعرا کا استقبال کیا ۔ اس کے بعد سلیم شہزاد کے نعتیہ مجموعے ’’کشفیہ ‘‘ کا اجرا عمل میں آیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر سید یحییٰ نشیط( ایوت محل) ، ڈاکٹر شرف الدین ساحلؔ(ناگ پور) ، ڈاکٹر صفدر ( امراوتی)، پروفیسر انیس چشتی (پونہ)، احمد اقبال( اورنگ آباد) ، ڈاکٹر قمر شریف ( اورنگ آباد) اور ڈاکٹر اسداللہ (ناگ پور)خصوصیت سے شریک رہے ۔


جشن کے دوسرے سیشن میں اس البیلے شاعر، نقاد اور ماہر لسانیات کے فکر و فن پر مقالات پیش کیے گئے ۔ سب سے پہلے عرفان شاہ نوری ( کولھاپور) نے نہایت خوب صورت انداز میں سلیم شہزاد کے نعتیہ مجموعے ’’ کشفیہ‘‘ کا ’’ عروضی جائزہ‘‘ پیش کیا ۔ ان کے بعد ڈاکٹر ناصر الدین انصار ( امراوتی)نے ’’ سلیم شہزاد- شہریارِ ادب‘‘ کے عنوان سے سلیم شہزاد کے فکر و فن اور جملہ ادبی خدمات پر پُرمغز مقالہ پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ اردو شعر و ادب کی دنیا میں سلیم شہزاد جیسے لوگ خال خال ہی ہوئے ہیں جنھوں نے اردو شعر وادب کی مختلف جہتوں میں کام کرکے مختلف شعبوں میں عالمی طور پر اپنی حیثیت منوائی ہے ۔ اس کے بعد حسنین عاقب (پوسد)نے ’’ سلیم شہزاد- شخص ، کشف اور کشفیہ‘‘ کے عنوان سے خوب صورت مقالہ پیش کیا۔ انھوں نے اپنے مقالے میں کشفیہ کے شعری محاسن کاجائزہ لیا ۔ اس کے بعد معروف انشائیہ نگار ڈاکٹر اسد اللہ نے ’’ہے شاعر بند اور ناقد کھلا‘‘ کے عنوان سے نہایت دلچسپ انشائیہ پیش کیا۔ انھوں نے سلیم صاحب کی زندگی اور معمولات کے مختلف گوشوں کو نہایت خوب صورتی سے پیش کیا۔


تیسرے سیشن میں معروف نقاد ڈاکٹر سید صفدر نے سلیم شہزاد سے اپنی چار دہائیوں پر مشتمل رفاقت کو بڑے دلچسپ انداز میں پیش کرکے انھیں بے بدل عالمِ ادبیات قرار دیا ۔ انھوں نے کہا کہ اگر سلیم شہزاد صرف فرہنگِ ادبیات ہی پیش کرتے اور کچھ نہ بھی کرتے تو یہ انھیں ادبی دنیا میں ہمیشہ زندہ رکھنے کے لیے کافی ہوتا۔ ان کے بعد فارسی لسانی کمیٹی کے چیرمن اور معروف محقق ]]ڈاکٹر شرف الدین ساحلنے سلیم شہزاد[[ کے فکر و فن پر نہایت پر مغز تقریر کی ۔ اس کے بعد اردو لسانی کمیٹی کی جانب سے سلیم شہزاد کا متعدد تحائف پیش کرکے اعزاز کیا گیا ۔ اس موقع پر صاحب اعزاز سلیم شہزاد نے رفقا کا شکریہ اداکرتے ہوئے مختصر گفتگو کی نیز شرکا کی خواہش پر ’’ کشفیہ‘‘ سے ایک منتخب حمد پیش کی ۔ آخر میں اپنی صدارتی تقریر میں ڈاکٹر سید یحییٰ نشیط نے کشفیہ کے اجرا پر سلیم شہزاد کو مبارک باد پیش کی ۔ انھوں نے کہا کہ آج سے ایک ہزارسال پہلے علوم قرآنی پر مشتمل کتاب ’’ کشاف‘‘ دنیا بھر میں مقبول ہوئی تو پانچ سو برس قبل ’’ مکاشفہ‘‘ نامی کتب نے غیر معمولی پذیرائی حاصل کی ۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ ’’ کشفیہ ‘‘ بھی سابقہ دونوں کتابوں کی طرح چاردانگ عالم میں شہرت و ہر دلعزیزی حاصل کرے گی۔ اس یادگار جشن کی کامیاب نظامت کے فرائض یٰسین اعظمی ( مالیگاؤں) نے انجام دیے جب کہ گل بوٹے ، ممبئی کے مدیر فاروق سید نے اظہارتشکر ادا کیا۔


’’جشن سلیم شہزاد‘‘ میں اردو لسانی کمیٹی اور مشاورت کے تمام اراکین کے ساتھ ساتھ شہر پونہ سے پروفیسر انیس چشتی ، ضیا باغپتی اور ان کے رفقا ، ریاست بھر سے آئے ہوئے اساتذہ اور شعرا و ادبا شریک رہے ۔ ریاست بھر کے اہل علم کی خواہش پر ’’ جشن سلیم شہزاد‘‘ کو فیس بک اور مختلف وہاٹس ایپ گروپ پر لائیو نشر بھی کیا گیا۔

مزید دکھیے[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

اپنے ادارے کی نعتیہ سرگرمیاں، کتابوں کا تعارف اور دیگر خبریں بھیجنے کے لیے رابطہ کیجئے۔Email.png Phone.pngWhatsapp.jpg Facebook message.png

Youtube channel click.png
مختلف مشاعروں اور محافل کی تازہ رپورٹس
"نعت کائنات " پر اپنے تعارفی صفحے ، شاعری، کتابیں اور رسالے آن لائن کروانے کے لیے رابطہ کریں ۔ سہیل شہزاد : 03327866659
نئے صفحات