سبِیلِ بخشش

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search


کتاب : سبیلِ بخشش

شاعر: سلطان محمود چشتی

پبلشر: پوٹھوہار رہتل اُسار پبلیکیشنز، گوجر خان 03015230171

صفحات : 128

قیمت: 750 روپے

سال ِ اشاعت : 2022

تعارف کنندہ : ارسلان ارشد

سبیلِ بخشش[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

پاکستان میں گزشتہ چند سالوں کے دوران شائع ہونے والی نعتیہ کتب کی تعداد میں اضافہ باعث مسرت تو ہے ہی مگر اس سے بھی زیادہ خوش کُن اور حوصلہ افزا پہلو یہ ہے کہ ان میں سے اکثر نعتیہ کتابیں نوجوان اور نئے شعرا کی جانب سے سامنے آرہی ہیں "سبیلِ بخشش" بھی ایک ایسی ہی تازہ تخلیق ہے جو 2022 کی آخری سہ ماہی میں منصہء شہود پر نمودار ہوئی ہے۔ اس نعتیہ گلدستے کے تخلیق کار سلطان محمود چشتی کا تعلق راولپنڈی کی تحصیل گوجر خان سے ہے ۔ دنیائے نعت گوئی میں تو اُن کا نام ابھی نیا ہے مگر نعت خوانی سے اُن کی نسبت بچپن سے ہے اور اس شعبہ میں وہ خطہء پوٹھوہار کے اکثر سرکاری و و غیر سرکاری اعزازات کے حقدار ٹھرائے جا چکے ہیں۔ نعت سے اُن کی محبت اور عقیدت نے اب "سبیلِ بخشش" کی صورت ایک مزید خوبصورت رُخ اختیار کیا ہے اور وہ نعت پڑھنے کے ساتھ ساتھ نعت لکھنے کی سعادت پر بھی فائز ہو گئے ہیں۔ نعت خوانی سے نعت گوئی کی جانب ہجرت فرمانے والے شعرائے کرام کی نعت کا اگر عمومی جائزہ لیا جائے تو اُس میں سرکارِ عوالمﷺ سے اپنی محبت کا اظہار، آپﷺ کی سیرت کا بیان، آپﷺ کی ولادت باسعادت کا تذکرہ، مدینے حاضری کی آرزو، شہرِ مصطفےٰﷺ سے جڑی ہر مبارک شے سے محبت کا جذبہ، آپﷺ کے در کی غلامی میں دمِ آخری کی چاہت، درود، سلام، التجا، استغاثہ جیسے مضامین کثرت کے ساتھ دکھائی دیتے ہیں۔ زیرِ نظر کتاب میں بھی روایتی نعت کے مندرجہ بالا تقریباً تمام ہی خوبصورت انداز دیکھنے کو ملتے ہیں جنہیں صاحبِ کتاب نے اپنے اسلوب اور آہنگ کا عکس دے کر انفرادیت کی رنگت عطا کی ہے۔ "سبیلِ بخشش" میں 75 نعوتِ مبارکہ، ایک التجائیہ اور ایک شبِ براءت سے متعلق کلام، جبکہ اعلیٰ حضرتؒ کی زمین میں 38 اشعار پر مبنی "عاجزانہ سلام" موجود ہے اس کتاب پر اپنی آراء کا اظہار فرمانے والوں میں راولپنڈی ڈویژن سے تعلق رکھنے والے دنیائے حمد و نعت کے دو معبتر نام اُستاد عابد سعید عابد اور ڈاکٹر احسان اکبر شامل ہیں، ان کے علاوہ پروفیسر نسیم تقی جعفری اور شیراز طاہر کے کے مختصر مضامین بھی اس کتاب کا حصہ ہیں جبکہ "حرفِ نعت اور اظہارِ تشکر" کے عنوان سے سلطان محمود چشتی نے اپنے اساتذہ کا شکریہ بھی ادا کیا ہے اور سب سے اہم بات یہ کہ اپنے نعت خوانی سے نعت گوئی تک کے سفر کی روداد بھی خوبصورت انداز میں پیش کر دی ہے جس کے ذریعے کتاب پڑھنے والے کو صاحبِ کتاب کا اچھا تعارف حاصل ہو جاتا ہے (میری ناقص رائے میں ایسا تمام شعراء کو کرنا چاہیئے تاکہ کل کو اگر اُن کے حوالے سے کوئی تحقیقی کام ہو تو اُن سے متعلق معلومات تک رسائی میں آسانی ہو سکے)


منتخب اشعار[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

زمیں آپﷺ کی ہے زماں آپﷺ کا ہے

حقیقت میں سارا جہاں آپﷺ کا ہے

فضا ہو، گھٹا ہو، کہ ہو قصرِ شبنم

ہر اک نقشِ عنبر فشاں آپﷺ کا ہے


محبت کی روشن سحر نعت خوانی

کمالِ فرازِ نظر نعت خوانی

ستاروں کے جھرمٹ میں دیکھو فلک پر

کئے جا رہا ہے قمر نعت خوانی


جو اُنﷺ کا نہیں ہے وہ میرا نہیں ہے

خدا کا یہ فرماں! عجب شان کا ہے


جن و بشر، شمس و قمر، شجر و حجر، برگ و ثمر

صحنِ حرم، باغِ جناں میرے نبیﷺ کا معجزہ


ہے لاکھوں برس پر محیط اِس کا عرصہ

ازل سے ابد تک بقا نعت کی ہے