یا رب ذوالجلال ۔ کلیاتِ حمد

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search
FB IMG 1690887313790.jpg

کتاب : یا رب ذوالجلال ۔ کلیاتِ حمد

شاعر: عزیز الدین خاکی

پبلشر: پاسبانِ حمد و نعت(رنگِ ادب) کراچی 03362085325

صفحات : 280

قیمت: 1200 روپے

سال ِ اشاعت : 2023

تعارف کنندہ : ارسلان ارشد

یا رب ذوالجلال ۔ کلیاتِ حمد[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

عزیز الدین خاکی کراچی سے تعلق رکھنے والے معروف ثنا خواں اور نعت گو ہیں جو نعت کے فروغ کے لئے کم و بیش چار دہائیوں سے مصروفِ عمل ہیں اس دوران اُن کی تخلیقِ حمد و نعت پر مشتمل کئی کتب شائع ہو چکی ہیں، وہ نعت خوانی کے حوالے سے بھی کئی البمز ریلیز کروا چکے ہیں جبکہ نعت و مناقب کے انتخاب پر مبنی کئی کتب کے مرتب ہونے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔ "یا ربِ ذوالجلال" عزیزالدین خاکی کی حمدیہ شاعری پر مشتمل خوبصورت کتاب ہے جس کو 23 مارچ 2023 تک کہی گئی تمام حمدیں شامل کر کے کلیاتِ حمد کا نام دیا گیا ہے۔ کتاب کے آغاز میں پروفسر ڈاکٹر عاصی کرنالی اور ڈاکٹر شہزاد احمدؒ کے مضامین ہیں خاص طور پر ڈاکٹر شہزاد احمد نے اپنے مضمون میں عزیزالدین خاکی کی حمدیہ و نعتیہ خدمات کا بھرپور انداز میں جائزہ لیا ہے مذکورہ دونوں مضامین خاکی صاحب کی گزشتہ کتب میں بھی شائع ہو چکے ہیں جبکہ اِن کے علاوہ پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد قادری، ڈاکٹر محمد سہیل شفیق اور شاعر علی شاعر نے خصوصی طور پر "یا ربِ ذوالجلال" کے حوالے سے مضامین لکھے ہیں جنہیں شاملِ کتاب کیا گیا ہے جس کے بعد خاکی صاحب کی چند گزارشات ہیں اور پھر حمدیہ کلام کا سلسلہ عزیزالدین خاکی کی نعت کی طرح اُن کی حمدیہ شاعری بھی رواں دواں بحور پر مشتمل ہے جس میں نہایت عمدگی کے ساتھ مالکِ کُل جہان کی ثنا بیان کی گئی ہے اس کتاب میں موجود کلام کا اگر جائزہ لیا جائے تو محسوس ہوتا ہے کہ انہوں متعدد حروف پر مبنی مشکل ردیفوں کو بھی کمال سہولت کے ساتھ نبھایا ہے جسے دیکھ کر یہ کہا جا سکتا ہے کہ وہ مستقبل میں باقاعدہ حمدیہ و نعتیہ دیوان بھی تخلیق کر سکتے ہیں "یا ربِ ذوالجلال" میں کُل 113 حمدیں ہیں جبکہ ایک حمدیہ نظم اور 5 حمدیہ ہائیکو بھی اس کلیات کا حصہ ہیں (کچھ کلام شانِ اسلام، شانِ قرآن، شبِ برأت، قربانی و حج وغیرہ کے حوالے سے ہیں لیکن چونکہ ان کلاموں کا بنیادی جُزو تعریفِ رب العالمین ہے اس لئے انہیں بھی حمد میں ہی شمار کیا گیا ہے)

مجموعی طور پر یہ کتاب کلام اور طباعت دونوں حوالوں سے بہت شاندار اور معیاری ہے مگر کتاب کے سرورق کو دیکھ کر کچھ کمی کا احساس ہوتا ہے جس کی خوبصورت کلر سکیم کے باوجود ڈیزائننگ پر مزید محنت کی جا سکتی تھی۔


منتخب اشعار[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

کر نہیں سکتا ہے کوئی ہمسری اللہ کی

سارے عالم میں ہے قائم برتری اللہ کی


ازل سے ابد تک ہے اُس کی خدائی

وہی بادشاہت سنبھالے ہوئے ہے


عقل سے بالا تری کاری گری

ہے نمایاں صبح سے اور شام سے


ذکر جاری ہے رب کا زباں در زباں

نقش ہے نام اُس کا نفَس در نفَس


وہی دیتا ہے ہر نعمت بِلاشک

خدا ہے صاحبِ عظمت بِلاشک

وہی تو قادرِ مطلق ہے خاکیؔ

وہی ہے صاحبِ قدرت بِلاشک