اسماءالحسنیٰﷻ و اسماءالنبیﷺ

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search


کتاب : اسماء الحسنیٰﷻ اور اسماءالنبیﷺ(قطعات)

شاعر: عقیل شافی

پبلشر: مکتبہء شافی لاہور 03014047881

صفحات : 132

قیمت: 800 روپے

سال ِ اشاعت : 2022

تعارف کنندہ : ارسلان ارشد

اسماء الحسنیٰﷻ اور اسماءالنبیﷺ(قطعات)[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

اللہ رب العزتﷻ اور اُس کے حبیبِ مکرم حضرت محمد مصطفےٰﷺ کے صفاتی اسمائے گرامی ہر مسلمان کے لئے مقدم اور باعثِ برکت ہیں۔ یہ مبارک اسمائے پاک ہمیں کہیں قرآنِ مجید کے شروع کے صفحات پر کرنیں بکھیرتے نظر آتے ہیں تو کہیں مختلف انداز کی زیبائش کے ساتھ مسجدوں، گھروں، دوکانوں کی دیواروں اور گاڑیوں میں حصولِ خیر و برکت کے لئے آویزاں کئے جاتے ہیں اور ان سب سے بڑھ کر مسلمانانِ عالم اِن متبرک اسماء کو مختلف تراکیب کے ساتھ روز مرہ کے اوراد و وظائف میں بھی شامل رکھتے ہیں اور اللہﷻ و رسولﷺ کے نورانی ناموں کی برکت سے اپنے من کی مرادیں حاصل کرتے ہیں۔ جناب عقیل شافیؔ نے اپنی کتاب "اسماء الحسنیﷻٰ اور اسماء النبیﷺ" میں اِن با برکت اسمائے گرامی کے حوالے سے خوبصورت قطعات لکھے ہیں جو شعری حوالے سے تو ایک خوبصورت کام ہے ہی لیکن نہایت سادہ اور عام فہم انداز میں کہے گئے ان قطعات کے ذریعے ایک عام پڑھنے والا نہ صرف ربِ کریمﷻ و حبیبِ ربِ کریمﷺ کے اِن خوبصورت ناموں کے معانی سے آگاہی حاصل کر سکتا ہے بلکہ چار چار مصرعوں کی اس خوبصورت کاوش کے ذریعے ہر ایک نام کی منظوم تشریح بھی سامنے آتی۔ جہاں 99 اسماءالحسنیٰﷻ پر لکھے گئے قطعات میں خوبصورت حمدیہ رنگ دکھائی دیتا ہے تو وہیں آقائے نامدار حضرت محمد مصطفےٰﷺ کے 102 پُر نور اسماء پر لکھے گئے قطعات کے ذریعے نعتیہ دھنک بکھرتی ہوئی محسوس ہوتی ہے جس سے قلب و ذہن کو تازگی و رعنائی میسر آتی ہے۔ اس کتاب کا دیدہ زیب ٹائٹل محمد نعیم یاد نے ڈیزائن کیا ہے اور اس میں اقبال راہی، ڈاکٹر محمد مشرف حسین انجم، طاہر ابدال طاہر، احسن رضا، شاہد عمران، محمد نعیم یاد، جواد احمد راسخ، اور محمد ارسلان ارشد(راقم) کے تہنیتی مضامین جبکہ اعظم سہیل ہارون اور سید مبارک علی شمسی کے فلیپ شامل ہیں اس کے علاوہ بیک فلیپ پر متبرک اسمائے پاک کی اہمیت اور فضیلت پر قرآن و احادیث کے حوالے درج کئے گئے ہیں۔

منتخب اشعار[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

کتاب سے دو منتخب قطعات


الواحدﷻ

(ایک)

وہی ایک ہے اُس کا ثانی نہیں ہے

کہاں قدرتوں کی نشانی نہیں ہے

بنا اُس کے ہستی کے ارض و سماء میں

بہارِ کرم کی روانی نہیں ہے


سِرَاجٌﷺ

(چمکتا ہُوا)

چمکدار ہر حرف ہے بے بہا

سراج آپﷺ کا نام ہے خوشنما

ثناء آپﷺ کی دلکشا دلکشا

ادا آپﷺ کی دلربا دلربا