کسی اور کے خدا سے نہ غرض نہ واسطہ ہے ۔ اعجاز رحمانی

نعت کائنات سے
نظرثانی بتاریخ 08:20، 16 اگست 2017ء از تیمورصدیقی (تبادلۂ خیال | شراکتیں) (نیا صفحہ: {{بسم اللہ}} شاعر: اعجاز رحمانی ==== {{نعت}} ==== کسی اور کے خدا سے نہ غرض نہ واسطہ ہے ہے وہی خدا ہمارا...)
(فرق) → پرانا نسخہ | تازہ ترین نسخہ (فرق) | تازہ نسخہ ← (فرق)
Jump to navigationJump to search


شاعر: اعجاز رحمانی

نعتِ رسولِ آخر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

کسی اور کے خدا سے نہ غرض نہ واسطہ ہے

ہے وہی خدا ہمارا جو حضور کا خدا ہے


یہ جو بزمِ آب وگِل ہے یہ تمام کربلا ہے

جہاں امن وآشتی ہے وہ دیارِ مصطفیٰ ہے


یہ جو آدمی کا رتبہ ہے بلند قدسیوں سے

کسی اور کا نہیں ہے یہ کرم حضور کا ہے


مہ و آفتاب کیا ہیں تری گردِ رہگور ہیں

وہی راستہ ہے روشن جہاں تیرا نقش پا ہے


جسے مصطفیٰ نے روشن کی ظلمتِ حرا میں

سرِ بزمِ علم ودانش وہ چراغ جل رہا ہے


کوئی اس کی عظمتوں کو نہ سراغ پا سکے گا

وہ نعال پا ہے اس کی جسے عرش چومتا ہے


کسی اور راستے سے نہ ملے گی ہم کو منزل

جو حضور نے بتایا وہی ٹھیک راستہ ہے


مری بات کی گواہی ہے اذان اور کلمہ

جہاں ذکر ہے خدا کا وہیں ذکرِ مصطفیٰ ہے


مجھے ناز بخت پر ہے مجھے فخر ہے یہ اعجاز

کہ مرا نبی وہی ہے جو امام الانبیاء ہے