نازاں تو ہوں میں مدحتِ سرکار کے سبب ۔ ذوالفقار علی دانش

نعت کائنات سے
نظرثانی بتاریخ 00:34، 5 جولائی 2017ء از 39.41.222.40 (تبادلۂ خیال) (نیا صفحہ: نازاں تو ہوں میں مدحتِ سرکار کے سبب نادم بھی پر ہوں نفسِ خطاکار کے سبب تحقیق ! بالیقین رضائے خدائ...)
(فرق) → پرانا نسخہ | تازہ ترین نسخہ (فرق) | تازہ نسخہ ← (فرق)
Jump to navigationJump to search

نازاں تو ہوں میں مدحتِ سرکار کے سبب

نادم بھی پر ہوں نفسِ خطاکار کے سبب


تحقیق ! بالیقین رضائے خدائے پاک

ملتی ہے حُبِّ احمدِ مختار کے سبب


لکھنا ہمارا نعتِ نبی رائیگاں نہیں

ہم ہونگے سرخرو انھی اشعار کے سبب


محشر میں بخشے جائیں گے ، اتنا یقین ہے

ہم بھی شفاعتِ شہِ ابرار کے سبب


کیجے کرم غلام پہ لللہ اب حضور !

بے کل ہوں کب سے حسرتِ دیدار کے سبب


معراج رات گردشِ دوراں ٹھہر گئی

رب سے لقائے سیّدِ ابرار کے سبب


کارِ ثنائے خواجہ ءِ بطحا نہیں عبث

سب کچھ ہمیں ملا ہے اسی کار کے سبب


چشمِ کرم حضور ! کہ امت یہ آپ کی

غرقِ ستم ہے سازشِ اغیار کے سبب


خلقت زبانِ حال سے کہتی ہے اے خدا !

ہم پر کرم ہو سیدِ ابرار کے سبب


روشن ہیں جس کے نور سے مہر و مہ و نجوم

ہم بھی ہیں اس نگاہِ ضیا بار کے سبب


نعتِ نبی کی جب مجھے توفیق مل گئی

دل جگمگایا بارشِ انوار کے سبب


پہچان مل گئی ہے ہمیں ایک منفرد

اہلِ سخن میں نعتیہ اشعار کے سبب


دانش کو جانتا ہی بھلا کون تھا یہاں ؟

ہے نام اس کا مدحتِ سرکار کے سبب