وہ سرورِ کشورِ رسالت جو عرش پر جلوہ گر ہوئے تھے

نعت کائنات سے
نظرثانی بتاریخ 09:24، 20 جنوری 2017ء از 119.154.205.126 (تبادلۂ خیال) (نیا صفحہ: ==وہ سرورِ کشورِ رسالت جو عرش پر جلوہ گر ہوئے تھے== وہ سرورِ کشورِ رسالت جو عرش پر جلوہ گر ہوئے تھے...)
(فرق) → پرانا نسخہ | تازہ ترین نسخہ (فرق) | تازہ نسخہ ← (فرق)
Jump to navigationJump to search

وہ سرورِ کشورِ رسالت جو عرش پر جلوہ گر ہوئے تھے

وہ سرورِ کشورِ رسالت جو عرش پر جلوہ گر ہوئے تھے

نئے نرالے طرب کے ساماں عرب کے مہمان کے لیے تھے


وہاں فلک پر یہاں زمیں میں رچی تھی شادی مچی تھیں دھومیں

اُدھر سے انوار ہنستے آتے اِدھر سے نفحات اُٹھ رہے تھے


نمازِ اقصیٰ میں تھا یہی سرِ عیاں ہوں معنیِ اول آخر

کہ دست بستہ ہیں پیچھے حاضر جو سلطنت آگے کرگئے تھے


بڑھ اے محمد قریں ہو احمد قریب آ سرورِ ممجد

نثار جاؤں یہ کیا ندا تھی یہ کیا سماں تھا یہ کیا مزے تھے


تبارک اللہ شان تیری تجھی کو زیبا ہے بے نیازی

کہیں تو وہ جوشِ لَنْ تَرانی، کہیں تقاضے وصال کے تھے


اٹھے جو قصرِ دنیٰ کے پردے کوئی خبر دے تو کیا خبر دے

وہاں تو جاہی نہیں دوئی کی نہ کہہ کہ وہ بھی نہ تھے ارے تھے


حجاب اٹھنے میں لاکھوں پردے ہر ایک پردے میں لاکھوں جلوے

عجب گھڑی تھی کہ وصل و فرقت جنم کے بچھڑے گلے ملے تھے


وہی ہے اول وہی ہے آخر وہی ہے باطن وہی ہے ظاہر

اُسی کے جلوے اُسی سے ملنے اُسی سے اُس کی طرف گئے تھے


نبیِ رحمت شفیعِ امت رضا پہ للہ ہو عنایت

اسے بھی ان خلعتوں سے حصہ جو خاص رحمت کے واں بٹے تھے