ندرت ہے تخیل میں فقط تیری ثنا سے

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search


شاعر: عمر علی شاہ

نعتِ رسولِ آخر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

ندرت ہے تخیل میں فقط تیری ثنا سے

آتے ہیں خیالات مدینے کی فضا سے


پائی ہے اماں آپ کے قدموں میں بشر نے

بہتر ہے تری بھیک بھی شاہوں کی عطا سے


مداح ملائک بھی ہیں انسان بھی سارے

توحید کی تبلیغ کو آیا جو حرا سے


تقدیس خداوند کی آقا نے بتائی

عالم یہ منور جو ہوا نورِ خدا سے


ہرعیب سے بے عیب بنایا ہے خدا نے

یکتا ہیں خصائل میں وہ اللّٰہ کی رضا سے


مہتاب یہ سورج یہ ضیا پاش ستارے

اجرام ترے نور کے ٹکڑے ہیں ذرا سے


اسباب میسر ہوں عمر کو بھی سفر کے

آتا ہے بلاوا بھی محمد کی رضا سے