غم حیات سے گرچہ بہت فگار ہوں میں ۔ جبران انصاری

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search


شاعر: جبران انصاری

نعتِ رسولِ آخر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

غمِ حیات سے گرچہ بہت فگار ہوں میں

خیال دیدِ محمد سے پُر بہار ہوں میں


نہیں ہے کچھ بھی بجز دفترِ سیاہ مگر

نگاہِ چشمِ کرم کا امیدوار ہوں میں


بجز مدینہ نہیں دل میں اور کوئی تڑپ

کہاں ہے زادِ سفر! کتنا دل فگار ہوں میں


شبِ فراق محمد کٹے، سحر ہو جائے

قرارِ جاں ومیسر کہ بے قرار ہوں میں


مجھے بھی اذنِ حضوری حصور مل جائے

دیارِ غیر میں مدّت سے بے قرار ہوں میں


نہیں ہے نعتِ محمد کا کچھ شعور مجھے

عزیز اتنا ہے لیکن وفا شعار ہوں میں


ہے کتنا عشقِ محمد نہیں خبر لیکن

اُنہیں کے نام سے جبران باوقار ہوں میں