خدا نے مغفرت کی شرط کیا راحت فزا رکھ دی ۔ صابر براری

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search


شاعر: صابر براری

نعتِ رسولِ آخر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

خدا نے مغفرت کی شرط کیا راحت فزا رکھ دی

دِلائے مصطفیٰ رکھ دی رضائے مصطفیٰ رکھ دی


یدِ بیضا میں ان کی روشنی نقشِ پا رکھ دی

دمِ عیسیٰ میں ان کی اک ادائے معجزہ رکھ دی


رضا پہ ان کی رب نے منحصر اپنی رضا رکھ دی

انھی کے عشق پہ موقوف ایماں کی بقا رکھ دی


کیا پہلے تو اپنے نور سے نور نبی پیدا

پھر اس نور مقدس سے دو عالم کی بنا رکھ دی


کوئی جانے تو کیا جانے کوئی سمجھے تو کیا سمجھے

حقیقت آپ کی حدِ خرد سے ماوریٰ رکھ دی


درودِ پاک ہو وردِ زباں جس کے اسے کیا غم

خدا نے ہر مرض کے واسطے اس میں شفا رکھ دی


خدا کا شکر جتنا بھی ادا ہو کم ہے اے صابر

کہ مجھ عاصی کے لب پہ مدحتِ شاہِ ہدیٰ رکھ دی