اس میں شامل ہے رضا وکرمِ عزّوجل ۔ پرتوروھیلہ

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search


شاعر: پرتوروھیلہ

نعت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

اس میں شامل ہے رضا وکرمِ عزّوجل

ہرعبادت سے درود آپ کا، اعلیٰ افضل

آپ کے اسم سے ہیں لفظ جہاں میں معنی

ورنہ یہ دفترِ صد رنگ ونمو بس مہمل

شفقتیں آپ کی ہر گوشۂ گیتی پہ محیط

رحمتیں آپ کی دنیا پہ برستا بادل

آپ کی دین ہے دنیا کوشرف کی منزل

ظلمت دہر میں ہیں آپ ہی حق کی مشعل

آپ یکتائے زمانہ ہیں وہ سلطاں جس کا

کوئی نقارہ نہ دربار نہ قلعہ نہ محَل

آپ نے قیدِ زماں توڑ کے حق کودیکھا

عقل ہے آج بھی زندانئ اسباب و عِلل

آپ کی بات بشر کے لیے اسمِ اعظم

وجہِ تقلیدِ جہاں آپ کاہر ایک عمل

آپ کے نام پہ قربان ہزاروں جانیں

آپ کے پاؤں کے نیچے مری آنکھوں کے کنول

آرزو ہے کہ یہ بڑھ کر بڑا چھتنار بنے

آپ کے پیار کی پھوٹی ہے جو دل میں کونپل

اِک عنایت کی نظر مجھ پہ بھی ، آقائے جہاں!

اِک اشارہ مری بخشش کابھی ،مولائے مِلل!

اِک جھلک روئے مبارک کی بھی ارزانی ہو

زندگانی مری بے برگ ہے ،ہوجائے سپھل

میں بھی منجملہء اجرامِ محبت ہو جاؤں

آفتابِ افقِ خیر! مجھے بھی اِک پل

اِک تمنا ہے کہ بس اتنی سعادت مل جائے

روضۂ پاک پہ روتا ہوں کہ آجائے اجل



رسائل و جرائد جن میں یہ کلام شائع ہوا[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

نعت رنگ ۔شمارہ نمبر 25