آنکھوں میں اشک دل میں ہو الفت رسول کی ۔ عبدالغفار حافظ

نعت کائنات سے
نظرثانی بتاریخ 12:01، 17 اگست 2017ء از تیمورصدیقی (تبادلۂ خیال | شراکتیں) (نیا صفحہ: {{بسم اللہ}} شاعر: عبدالغفار حافظ ==== {{نعت}} ==== آنکھوں میں اشک، دل میں ہو الفت رسول کی کیجے اس اہت...)
(فرق) → پرانا نسخہ | تازہ ترین نسخہ (فرق) | تازہ نسخہ ← (فرق)
Jump to navigationJump to search


شاعر: عبدالغفار حافظ

نعتِ رسولِ آخر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

آنکھوں میں اشک، دل میں ہو الفت رسول کی

کیجے اس اہتمام سے مدحت رسول کی


پھونکوں سے بجھ نہ پائے گی وہ روزِ حشر تک

کہتے ہیں جس کو شمعِ ہدایت رسول کی


اے رہروانِ منزل عرفان وآگہی

ہے سنگِ میل راہ میں سُنّت رسول کی


ہے آخری مقام جو عقل وشعور کا

اس سے کہیں بلند ہے رفعت رسول کی


مقبول بارگاہِ خدا ہے وہ خوش نصیب

پیشِ نگاہ جس کے ہے سیرت رسول کی


مطلوب ہے جو حُبّ خداوندِ ذوالجلال

لازم ہے پہلے کیجے اطاعت رسول کی


عظمت کو اس بشر کی ملک بھی نہ پا سکے

جس کو ہوئی نصیب زیارت رسول کی


آتے ہیں اس یقین سے کہ خالی نہ جائیں گے

ہے سائلوں کے علم میں عادت رسول کی


حافظ کہاں، ثنائے حبیب خدا کہاں

اللہ کا کرم ہے عنایت رسول کی