کعبہ کے بدر الدجی تم پہ کروڑوں درود

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search


قصیدہ مرصعہ[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

شاعر: امام احمد رضا خان بریلوی


کعبہ کے بدر الدجی تم پہ کروڑوں درود

طیبہ کے شمس الضحی تم پہ کروڑوں درود.


شافع روز جزا تم پہ کروڑوں درود

دافع جملہ بلا تم پہ کروڑوں درود.


اور کوئی غیب کیا تم سے نہاں ہو *بھلا*، (ا)

جب نہ خدا ہی چھپا تم پہ کروڑوں درود.


ذات ہوئی انتخاب وصف ہوئے *لاجواب*، (ب)

نام ہوا مصطفے تم پہ کروڑوں درود.


تم سے جہاں کی حیات تم سے جہاں کا *ثبات*، (ت)

اصل سے ہے ظل بندھا تم پہ کروڑوں درود.


تم ہو حفیظ و مغیث کیا ہے وہ دشمن *خبیث*، (ث)

تم ہو تو پھر خوف کیا تم پہ کروڑوں درود.


وہ شب معراج راج وہ صف محشر کا *تاج*، (ج)

کوئی بھی ایسا ہوا تم پہ کروڑوں درود.


جان و جہان مسیح، داد کہ دل ہے *جریح*، (ح)

نبضیں چھٹیں دم چلا تم پہ کروڑوں درود.


اف وہ راہ سنگلاخ آہ یہ پا شاخ *شاخ*، (خ)

اے مرے مشکل کشا تم پہ کروڑوں درود.


تم سے کھلا باب جود تم سے ہے سب کا *وجود*، (د)

تم سے ہے سب کی بقا تم پہ کروڑوں درود.


خستہ ہوں اور تم معاذبستہ ہوں اور تم *ملاذ*، (ذ)

آگے جو شہ کی رضا تم پہ کروڑوں درود.


گرچہ ہیں بےحد قصور تم ہو عفو و *غفور*، (ر)

بخش دو جرم و خطا تم پہ کروڑوں درود.


بےہنر و بےتمیز کس کو ہوئے ہیں *عزیز*، (ز)

ایک تمہارے سوا تم پہ کروڑوں درود.


آس ہے کوئی نہ پاس ایک تمہاری ہے *آس*، (س)

بس ہے یہی آسرا تم پہ کروڑوں درود.


طارم اعلی کا عرش جس کف پا کا ہے *فرش*، (ش)

آنکھوں پہ رکھ دو ذرا تم پہ کروڑوں درود.


کہنے کو ہیں عام و خاص ایک تم ہی ہو *خلاص*، (ص)

بند سے کر دو رہا تم پہ کروڑوں درود.


تم ہو شفائے مرض خلق خدا خود *غرض*، (ض)

خلق کی حاجت بھی کیا تم پہ کروڑوں درود.


آہ وہ راہ صراط بندوں کی کتنی *بساط*، (ط)

المدد اے رہنما تم پہ کروڑوں درود.


بے ادب و بد لحاظ کر نہ سکا کچھ *حفاظ*، (ظ)

عفو پہ پھولا رہا تم پہ کروڑوں درود.


لو تہ دامن کہ شمع جھوکوں میں ہے روز *جمع*، (ع)

آندھیوں سے حشر اٹھا تم پہ کروڑوں درود.


سینہ کہ ہے داغ داغ کہہ دو کرے باغ *باغ*، (غ)

طیبہ سے آکر صبا تم پہ کروڑوں درود.


گیسو و قد لام الف کر دو بلا *منصرف*، (ف)

لا کے تہ تیغ لا تم پہ کروڑوں درود.


تم نے برنگ فلق جیب جہاں کر کے *شق*، (ق)

نور کا تڑکا کیا تم پہ کروڑوں درود.


نوبت در ہیں فلک خادم در ہیں *ملک*، (ک)

تم ہو جہاں بادشا تم پہ کروڑوں درود.


خلق تمہاری جمیل خلق تمہارا *جلیل*، (ل)

خلق تمہاری گدا تم پہ کروڑوں درود.


خلق کے حاکم ہو تم رزق کے قاسم ہو *تم*، (م)

تم سے ملا جو ملا تم پہ کروڑوں درود.

برسےکرم کی بھرن پھولیں نعم کے *چمن*، (ن)

ایسی چلا دو ہوا تم پہ کروڑوں درود.


اپنے خطاواروں کو اپنے ہی دامن میں *لو*، (و)

کون کرے یہ بھلا تم پہ کروڑوں درود.


کر کے تمہارے گناہ مانگیں تمہاری *پناہ*، (ہ)

تم کہو دامن میں آ تم پہ کروڑوں درود.


کام وہ لے لیجیئے تم کو جو راضی *کرے*، (ی)

ٹھیک ہو نام "رضا" تم پہ کروڑوں درود.


یہ قصیدہ کل 59 اشعار پر مشتمل ہے. صرف وہ 31 اشعار اس کے پیش کئے ہیں کہ ہر شعر کے مصرعہ اول میں حروف تہجی کا ایک حرف بالترتیب آتا ہے. اس طرح حرف "الف" سے لیکر حرف "ی" پر ختم ہوا ہے-

مزید دیکھیے[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

قصیدہ | قصیدہ بردہ شریف | قصیدہ نور | قصیدہ معراجیہ