پھول کھلیں شاخیں لہرائیں ایک ان کے یاد آنے سے ۔ منصور احمد خالد

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search


شاعر: منصور احمد خالد

نعتِ رسولِ آخر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

پھول کھلیں شاخیں لہرائیں ایک ان کے یاد آنے سے

چلنے لگیں پر کیف ہوائیں ایک ان کے یاد آنے سے


یہ کیسا اعجاز ہے ساری عمر بھٹکںے والے بھی

خضر خجستہ پا بن جائیں ایک ان کے یاد آنے سے


ٹھنڈک سی اترے سینے میں چین ملے آرام ملے

بھول کے بھی دکھ یاد نہ آئیں ایک ان کے یاد آنے سے


گرمی کی شدت میں دھول اڑاتی خشک زمینوں پر

گھر آئیں گھنگھور گھٹائیں ایک ان کے یاد آنے سے


ہستی کی تنگی ترشی میں جکڑے بیکل لمحے بھی

آسائش کا جشن منائیں ایک ان کے یاد آنے سے


کرنوں کا دریا بہہ نکلے دل کی پتھر دھرتی میں

آنکھیں کیا کیا دیپ جلائیں ایک ان کے یاد آنے سے


اپنے تو اپنے ہیں خالد غیروں کی ہمدردی میں

آجائیں ہونٹوں پہ دعائیں ایک ان کے یاد آنے سے