عظمت سید لولاک (ص)عبارت کرنا

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search

نعت رسول مقبول (ص)

از: ارم نقوی


عظمت سید لولاک (ص)عبارت کرنا

نعت سے قبل تخیل میں زیارت کرنا


چہرہ نور ، کہاں چشم تصور میں ہے تاب ؟

حلقہ چادر تطہیر کی مدحت کرنا


نگہت و بوۓ محمد (ص) کی ملے بھیک جسے

اس وفادار کی ہر دور میں نصرت کرنا


اپنی امت سے یہ فرما گۓ ہیں در یتیم

میری امت ہو یتیموں سے محبت کرنا


نام احمد(ص) ہے مسیحا و مداوا و کرم

تم اسی نام پہ ہر ایک سے شفقت کرنا


مثل لقمان رہو عاشق داناۓ سبل(ص)

اپنی اولاد کو بس اس کی وصیت کرنا


وہ سخی ہیں کہ سخاوت ہے انہی کے درپر

فیض جاری ہے ، نہ اندیشہ غربت کرنا


نوح کے بیٹے کا انجام ہے عبرت انگیز

اب کسی نسل کے مرتد پہ نہ حیرت کرنا


رحمت کون و مکاں حاضر و موجود نہیں

ایسا کہنے میں بھی ، لکھنے میں بھی غیرت کرنا


رحمت احمد مرسل (ص) ہے جہانوں کے لیۓ

یا نبی (ص) ہم پہ بصد خاص ہے رحمت کرنا


ہے عقیدہ وہی بہتر جو عملِ خیر بنے

بے عمل کے لیۓ جنت کی نہ حسرت کرنا


نہ شفاعت کی بشارت تمہیں بے فکر کرے

اپنے اعمال کو مربوط شریعت کرنا


مت بہلنا فقط توصیف محمد (ص) کر کے

اپنے آقا کی اطاعت میں بھی سرعت کرنا


ظلم کو ظلم ہی کہنا ، مگر یہ علم رہے

علم کے نور سے تم کشتہ ظلمت کرنا


نور حق دل میں بسا کر جو لکھی نعت ارم

بہت آساں ہوا اظہار موودت کرنا

____________________