عزم لازم ہے نئے عہدِ وفا سے پہلے (عزیز احسن)

نعت کائنات سے
نظرثانی بتاریخ 06:52، 30 مارچ 2018ء از سید عرفان عرفی (تبادلۂ خیال | شراکتیں) (نیا صفحہ: شاعر: ڈاکٹرعزیزاؔحسن (کراچی ) ﷺ عزم لازم ہے نئے عہدِ وفا سے پہلے اُسوۂ پاک میں ڈھل...)
(فرق) → پرانا نسخہ | تازہ ترین نسخہ (فرق) | تازہ نسخہ ← (فرق)
Jump to navigationJump to search

شاعر: ڈاکٹرعزیزاؔحسن (کراچی )


عزم لازم ہے نئے عہدِ وفا سے پہلے

اُسوۂ پاک میں ڈھل جاؤں فناسے پہلے

رنگ اپناؤں محمد ﷺ کی غلامی کے سبھی

رب کی حاصل ہو رِضا مجھ کو قضا سے پہلے

میں نے سمجھا ہے کہ ہے کیا یہ جہاد اور قتال

دعوتِ دین ضروری ہے وَغا سے پہلے

دین لفظوں سے عمل تک جو نہ ہو نور فشاں

پھرتو وہ موت ہے انساں کی‘ فنا سے پہلے

نہ تو دنیا تھی نہ تھا دیں ہی میسر ہم کو

بالیقیں سرورِ عالم ﷺ کی عطا سے پہلے

کاش میں خود درِ سرکار ﷺ پہ حاضر ہوجاؤں

نالۂ شوق سے معمور صبا سے پہلے

اِتِّبَاعِ نبوی میرے عمل سے جھلکے

ان کے دربار میں اظہارِ وفا سے پہلے

کاش احساسِ ندامت کی بھی بارش برسے

مدحتِ شاہ ﷺ میں لفظوں کی گھٹا سے پہلے

نعت سچائی کی ضامن ہو بہر طور عزیزؔ

قلب میں داخلہء شوقِ جزا سے پہلے

اپنے ادارے کی نعتیہ سرگرمیاں، کتابوں کا تعارف اور دیگر خبریں بھیجنے کے لیے رابطہ کیجئے۔Email.png Phone.pngWhatsapp.jpg Facebook message.png

Youtube channel click.png