عدو کے واسطے ہر ایک امتی کے لیے ۔ مقبول شارب

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search


شاعر: مقبول شارب

نعتِ رسولِ آخر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

عدو کے واسطے، ہر ایک امتی کے لیے

دعائیں کیں شہِ کونین نے سبھی کے لیے


میں پی رہا ہوں مسلسل شرابِ عشقِ رسول

یہ بے مثال ہے تسکین سرمدی کے لیے


مدام رشکِ گُل تر کا تذکرہ لب پر

سجائے رکھتا ہوں ایماں کی تازگی کے لیے


تم اپنے پاس رکھو ہر خوشی، جہاں والو

نبی کا غم ہے بہت میری زندگی کے لیے


ہوائے گلشن طیبہ کا ایک ہی جھونکا

بہت ہے غنچۂ دل کی شگفتگی کے لیے


کرم کی ایک جھلک اب تو اے مہِ طیبہ

ترس رہا ہے کوئی کب سے چاندنی کے لیے


سیاہ خانۂ دل میں جلا لیا شارب

چراغ ان کی محبت کا روشنی کے لیے