جہاں میں جلوہ گر ہے ہر جگہ رحمت محمد کی ۔ حبیب نقشبندی

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search


شاعر: حبیب نقشبندی

نعتِ رسولِ آخر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

جہاں میں جلوہ گر ہے ہر جگہ رحمت محمد کی

یہ ساری زینتِ کونین ہے برکت محمد کی


خدائے پاک جب کرتا ہے خود مدحت محمد کی

تو پھر کیوں کر نہ ہو مّداح سب خلقت محمد کی


نمازِ پنجگانہاس لیے پیاری ہے خالق کو

کہ ہے اس سے نمایاں صورت وسیرت محمد کی


ہے قرآنِ الہیٰ آئنہ اخلاق کا ان کے

ڈھلی ہے نور کے سانچے میں کیا صورت محمد کی


ہوا ظاہر یہ ارشاد رآنی مَن را الحق سے

کہ دیدار خدائے پاک ہے رویت محمد کی


سگانِ مصطفیٰ کا حشر میں اکرام تو دیکھو

لواء الحمد کے سائے میں ہے اُمت محمد کی


تمناّ انبیاء و مرسلیں نے بھی یہ فرمائی

کہ ہم کو بھی بنا دے اے خدا اُمت محمد کی


سنائی جاتی ہے ہر کلمہ گو کو نزع میں یٰس

کہ مرتے وقت وہ بھی دیکھ لے صورت محمد کی


نہ تھا گو لائق بخشش عمل کوئی حبیب اپنا

مگر کام آگئی روزِ جزا رحمت محمد کی