جس نے سمجھا عشق محبوب خداﷺ کیا چیز ہے ۔ نصیر الدین نصیر

نعت کائنات سے
نظرثانی بتاریخ 10:15، 25 اپريل 2017ء از 39.55.76.104 (تبادلۂ خیال) (نیا صفحہ: {{بسم اللہ}} شاعر : نصیر الدین نصیر ==== نعت رسول اللہ صل اعلی علیہ و سلم ==== جس نے سمجھا عشق محبوب خ...)
(فرق) → پرانا نسخہ | تازہ ترین نسخہ (فرق) | تازہ نسخہ ← (فرق)
Jump to navigationJump to search


شاعر : نصیر الدین نصیر

نعت رسول اللہ صل اعلی علیہ و سلم

جس نے سمجھا عشق محبوب خداﷺ کیا چیز ہے

وہ سمجھتا ہے دعا کیا، مدعا کیا چیز ہے


کوئی کیا جانے کہ شہر مصطفیﷺ کیا چیز ہے

پوچھئے ہم سے مدینے کی ہوا کیا چیز ہے


شافع محشرﷺ کے دامن میں چھپا بیٹھا ہوں میں

کیا خبر ہنگامہ روز جزا کیا چیز ہے


ہر مرض میں خاک راہ مصطفیﷺ ہے کارگر

سامنے اکسیر کے کوئی دوا کیا چہز ہے


دل منور ہوگیا آنکھیں منور ہو گئیں

اللہ اللہ سبز گنبد کی فضا کیا چیز ہے


یہ سمجھنا ہم نے سمجھا ہے شہ لولاکﷺ سے

خلق میں ٹوٹے ہوئے دل کی صدا کیا چیز ہے


مطمئن ہو جائے گا دم بھر میں قلب مضطرب

دیکھ لو ذکر نبیﷺ یاد خدا کیا چیز ہے


حشر میں تم کو گنہ گارو پتا چل جائے گا

سایہ لطف محمد مصطفیﷺ کیا چیز ہے


رحمت عالم ، شفیع المذنبین، شاپ امم

ایک ذات مصطفیﷺ ہے اور کیا ، کیا چیز ہے


زلف و روئے مصطفیﷺ کو دیکھ کر سمجھا نصیر

صبح گلشن ، بوئےگل، باد صبا کیا چیز ہے


مزید دیکھیے

نصیر الدین نصیر