بنامِ سیّدِ عالم سلام لکھتے ہیں ۔ ذوالفقار علی دانش

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search


شاعر: ذوالفقار علی دانش

نعت ِ رسول ِ کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

بنامِ سیّدِ عالم سلام لکھتے ہیں

یہ ہم جو نعت کی صورت کلام لکھتے ہیں


کبھی جو گھیر لے ہم کو بلائے دنیا تو ہم

درود پڑھ کے محمد کا نام لکھتے ہیں


یہی ہمارا ہے مسلک ، یہی عقیدہ ہے

ہم اُن کو رحمتِ عالم مدام لکھتے ہیں


یہی وظیفہ ہے صبح و مسا ہمارا بس

درود پڑھتے ہیں اُن پر ، سلام لکھتے ہیں


تُم اپنی بات کرو ناصحا ہمیں چھوڑو

کہ ہم تو نعت کو کوثر کا جام لکھتے ہیں


بہ پیشِ نُورِ مجسّم بصد ادب کرنا

ہم اُن کے نام صبا جو سلام لکھتے ہیں


صبا حضور کے در پر اسے بھی لے جائے

بہ دوشِ موجِ صبا ہم پیام لکھتے ہیں


حضور ! پھر سے بلا لیں مدینے میں ہم کو

ہم آرزُو یہ بہ عرضِ تمام لکھتے ہیں


خدا سے مانگ کے الفاظ و حرف ہم اُس کے

پھر اُن کی شان کے شایاں سلام لکھتے ہیں


نصیب ہو گا یقیناً ہمارا بھی تاباں

کہ ہم بھی مدحِ نبی میں کلام لکھتے ہیں


ہے نسبت اُن سے ، ہمارا یہ فخر ہے دانش !

ہم اپنے آپ کو اُن کا غلام لکھتے ہیں