بانجھ مٹی ہوئی بارور آپ سے ۔ عبد القادر تاباں
نعت کائنات سے
نظرثانی بتاریخ 13:14، 6 نومبر 2017ء از Admin (تبادلۂ خیال | شراکتیں)
شاعر: عبد القارر تاباں
نعتِ رسولِ آخر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
بانجھ مٹی ہوئی بارور آپ سے
شاخ ِہستی پہ آئے ثمر آپ سے
کتنا مکروہ تھا زندگی کا سفر
خوشبویں ہو گئیں ہمسفر آپ سے
صبح کاذب گئ صبح صادق ہوئی
دل میں پھوٹی حقیقی سحر آپ سے
پردہء چشم سے جیسے کائی ہٹی
منظروں تک گئی ہے نظر آپ سے
شرق سے غرب تک اڑتی پھرتی ہے اب
روشنی کو ملے بال و پر آپ سے
سایہء رحمت ِایزدی آپ ہیں
چھاؤں لیتا ہے اک اک شجر آپ سے
رحمت ِدوجہاں اُمّتی جو ہوئے
ہم جڑُے ہیں ادھر اور اُدھر آپ سے
دل وہ تاباں نہیں جس میں آقا نہ ہوں
گھر حقیقت میں ہوتا ہے گھر آپ سے