محبتوں کا شاعر، گل بخشالوی ۔ سرور انبالوی
گلستان نعت میں تقریظ[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]
جس طرح ’’حمد ‘‘کا لفظ اللہ تعالیٰ کی ثناء کے لیے وقف ہو گیا ہے اُسی طرح ’’نعت ‘‘کا لفظ حضرت محمدﷺ کی تعریف اور مدح سرائی کے لیے مخصوص ہو گیا ہے۔ نعت گوئی حضور نبیﷺ کی حیات مبارکہ میں ہی شروع ہو گئی تھی اور یہ سلسلہ آج تک جاری ہے اور ابد الاباد تک جاری وساری رہے گا اور کیوں نہ ہو اللہ تعالیٰ خود کلامِ مجید میں فرماتا ہے ’’ورفعنا لک ذکرک‘‘ یعنی اے محمدﷺ ہم نے تمہارا ذکر بلند کر دیا ہے آج تک ہزاروں نعتیں بلکہ لاکھوں کروڑوں کی تعداد میں لکھی گئی ہوں گی جن کا شمار مشکل ہے۔ نعت کہنا ہر مسلمان شاعر اپنے لیے باعث فخر اور وسیلہ نجات سمجھتا ہے۔
نعت گوئی میں مسلمان شعرا ہی نہیں بلکہ غیر مسلم خاص کر ہندو شعراء بھی شامل ہیں جن میں کشن پرشاد، امر چند قیس، دلو رام کوثری، جوش ملسیانی، عرش ملیسانی، ہری چند اختر، جگن ناتھ آزاد اور تلوک چند کے اسمائے گرامی خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔ نعت ہر زبان میں کہی جا سکتی ہے جن میں عربی، فارسی،ہندی، اُردو، گجراتی، انگریزی اور دنیا کی بہت سی دیگر زبانیں شامل ہیں۔ شیخ سعدی کا نعتیہ قطعہ دنیا بھر میں مشہور ہے فرماتے ہیں۔
بلغ العلیٰ بکمالہ
کشف الدجے بجمالہ
حسنت جمیع خصالہ
صلوعلیہ وآلہ
علامہ اقبال کے یہ اشعار کتنے وجد آور ہیں
وہ دانائے سبل ختم الرسل مولائے کل جس نے
غبارِ راہ کو بخشا فروغِ وادی سینا!
نگاہِ عشق ومستی میں وہی اوّل وہی آخر
وہی قرآں، وہی فرقاں، وہی یٰسین، وہی طہ
روایت ہے کہ ایک دن حضورﷺ نے بھری مجلس میں صحابہ سے مخاطب ہو کر فرمایا، مخالف شعراء کی ہرزہ سرائیاں حد سے بڑھتی جا رہی ہیں تم لوگوں نے تلوار سے تحریری مدد کی ہے کیا کوئی ایسا بھی ہے جو زبان سے میری مدد کرے ۔
’’اس موقع پر حضرت حسانؓ اُٹھے اور کہنے لگے یارسول اللہﷺ اس خدمت کے لیے یہ ناچیز حاضر ہے۔ حضورﷺ اُن کے جذبہ خلوص سے خوش ہوئے ان میں سے کچھ لوگ اپنے قبیلے قریش سے تعلق رکھتے ہیں اور میرے قریبی عزیز ہیں مثلاًابوسفیان میرا عم زاد ہے ان کے خلاف بھلا تم کس انداز سے کہو گے حضرت حسانؓ بولے حضورﷺ میں آپﷺ کو ان کے بیچ میں سے یوں الگ کر لوں گا جیسے گُندھے ہوئے آٹے میں سے بال کھینچ کر نکال لیا جاتا ہے ‘‘
گل بخشالوی بڑے پر خلوص انسان، دوست نواز، علم پرور اور پاکستان کے مشہور و معروف شاعر ہیں، وہ حمد، نعت، منقبت اور غزل کے میدان میں کافی عرصہ سے اپنی جولانیاں دکھا رہے ہیں اور اب وہ بارگاہِ رسالتﷺ میں اپنا نعتیہ مجموعہ ’’گلستانِ نعت ‘‘لے کر حاضر ہوئے ہیں جن میں ایمان افروز نعتیہ کلام شامل ہے۔ انہیں حج کی سعادت بھی حاصل ہوئی ہے اور ساتھ ہی دل گداز بھی رکھتے ہیں یہی حضورﷺ سے والہانہ عقیدت و محبت اور دل گداز کی نغمہ سرائیاں ان کی نعت کا سرمایہ افتخار ہیں اس تناظر میں کہ
گل شاہِ بحر و بر کا اک ادنیٰٰ غلام ہے
اس سے بڑے کرم کا تصور حرام ہے
جس دل کے آئینہ میں محمدﷺ کا نام ہے
دوزخ کی آگ اُس پہ یقیناً حرام ہے
ہے نور کے وجود میں وحدانیت کا راز
گفتارِ مصطفیٰﷺ بھی خدا کا کلام ہے
جو لوگ عشق، محمدﷺ سے کم نہیں کرتے
غم حیات کا کوئی بھی غم نہیں کرتے
مرے حضورﷺ کی تعریف جو نہیں لکھتے
وہ اپنی اُنگلیاں پھر کیوں قلم نہیں کرتے
اُنہیں حیات میں سکھ چین کب میسر ہے
نبیﷺ کی یاد میں جو آنکھ نم نہیں کرتے
نبیﷺ کے عشق و محبت میں ڈوب جائیں گل
دعا خدا سے کوئی اور ہم نہیں کرتے !!!
حضور وجہ تخلیق کائنات ہیں وہ ہمارے لیے سرمایہ حیات ہیں وہ معلم اخلاق ہیں، وہ رحمت عالم ہیں جن و بشر ان کی تعریف و توصیف اپنے لیے باعث فخر اور وسیلہ نجات گردانتے ہیں انہوں نے انسان کو انسان کی غلامی سے نجات دلائی دنیا کی زیست کے آداب سے آگاہی دی وہ سب سے بڑے فلسفی، معلم اخلاق اور قانون دان ہیں انہوں نے دنیا کو امن و آتشی کا راستہ دکھایا اُن کی تعریف خود خدائے ذوالجلال کرے انسان کی کیا مجال ہے کہ اُن کی ثناء کا حق ادا کر سکے۔ غالب جیسے نابغہ روزگار کو بھی کہنا پڑا ہے :
غالب ثنائے خواجہ بہ یزداں گذاشیتم
کاں ذاتِ پاک مرتبہ دانِ محمدﷺ است
اب گل بخشالوی کا ہدیہ عقیدت و محبت دیکھئے
میری حیات ایسے نبیﷺ کی غلام ہے
جو انبیاء کا عرشِ بریں پر امام ہے
جس دل کے آئینہ میں محمدﷺ کا نام ہے
دوزخ کی آگ اُس پہ یقیناً حرام ہے
گونجے جہاں میں نعرۂ تکبیر مومنو!
میلادِ مصطفیٰﷺ کا یہی اہتمام ہے
آؤ پڑھیں درود کہ گل جانتے ہیں ہم
میلادِ مصطفیٰﷺ بھی خدا کا کلام ہے
’’ گلستانِ نعت‘‘اسی قسم کے خوبصورت گلہائے رنگارنگ کا حسین و جمیل مرقع ہے جس کی معطر و مطہر خوشبو اہل دل اور ادبی حلقوں کو تا دیر مسحور کرتی رہے گی۔ مری دعا ہے کہ ان کے اس نعتیہ مجموعہ کو ادبی حلقوں میں خاطر خواہ پذیرائی حاصل ہو اور بارگاہِ نبویﷺ میں شرفِ قبولیت کا حامل ہو ۔
ایں دعا از من و از جملہ جہاں امین باد
مزید دیکھیے[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]
اپنے ادارے کی نعتیہ سرگرمیاں، کتابوں کا تعارف اور دیگر خبریں بھیجنے کے لیے رابطہ کیجئے۔ |
"نعت کائنات " پر اپنے تعارفی صفحے ، شاعری، کتابیں اور رسالے آن لائن کروانے کے لیے رابطہ کریں ۔ سہیل شہزاد : 03327866659 |
نئے صفحات | |||||||
---|---|---|---|---|---|---|---|
|