مندرجات کا رخ کریں

پروین سجل کے حمدیہ مجموعہ "یٰسد" کا فکری مطالعہ ۔ احسان اللہ طاہر

نعت کائنات سے
This is the approved revision of this page, as well as being the most recent.
پروین سجل کے حمدیہ مجموعہ "یٰسد" کا فکری مطالعہ ۔ احسان اللہ طاہر
پروین سجل کے حمدیہ مجموعہ "یٰسد" کا فکری مطالعہ ۔ احسان اللہ طاہر
مضمون نگار احسان اللہ طاہر
کتاب یسد

پروین سجل کے حمدیہ مجموعہ "یٰسد" کا فکری مطالعہ ۔ احسان اللہ طاہر

مصنف: احسان اللہ طاہر


پروین سجل کے حمدیہ مجموعہ "یسد" کا فکری مطالعہ

خدائے وحدہ لاشریک نے انسان کو عقل و شعور دے کر اسے دوسری مخلوقات سے ممتاز کر دیا اور پھر اس کی رہنمائی کے لیے پیغمبر مبعوث فرمائے۔ خدائے یکتا کے ہر نبی، رسول اور پیغمبر نے انسانوں کو یہی سکھایا کہ وہ خالق و مالک ایک ہے، وہ وحدہ لاشریک ہے، وہی مالکِ یوم الدین ہے۔ اللہ رب العزت نے اپنے بندوں کو حکم دیا کہ:

"اور شام اور صبح کے وقت اپنے رب کی حمد کے ساتھ تسبیح بیان کرتے رہو۔"

خدائے لم یلد ولم یولد کی حمد و ثنا زمانوں اور زبانوں سے ماورا ہے۔ دنیا جہان کی ہر چیز اْسی کا ذکر کرتی ہے، سب اسی سے مانگتے ہیں اور وہی دینے والا ہے۔ ہر کوئی اپنی اپنی زبان میں اسی اول و آخر کی حمد و ثنا کر رہا ہے۔ جب زبانوں کا وجود نہیں تھا، تب بھی اسی کی حمد و ثنا تھی، جب زمانوں کی ابتدا نہیں ہوئی تھی، اسی کا نام چہار جانب گونجتا تھا اور جب زمانوں کی قید ختم ہو جائے گی، تب بھی اسی کا نام رہے گا۔


اردو شاعری میں بالخصوص تقدیسی شاعری کے حوالے سے اگر احساس اور یاد کو تازہ رکھنے کے لیے تحقیقی حوالے سے حمدیہ دواوین یا مجموعوں کی بات کریں، تو اردو ادب میں پہلا دیوان مفتی غلام سرور لاہوری کا ہے، جو کہ "دیوانِ حمدِ ایزدی" کے نام سے 1880ء� میں شائع ہوا۔


دوسرا دیوان مضطر خیرآبادی کا ہے، جو "نذرِ خدا" کے نام سے 1912ء� میں شائع ہوا، جب کہ تیسرا مجموعہ "بابِ کرم" ہے۔ اس کے خالق کا نام اْمتہ اللہ تسنیم ہے۔ یوں حمدیہ ادب میں کسی عورت کی طرف سے پیش کیا جانے والا حمدیہ مجموعہ "بابِ کرم" بنتا ہے، جو کہ 1954ء� میں شائع ہوا۔ پروفیسر محمد اقبال جاوید، محمد اقبال نجمی اور غوث میاں کی تحقیق کے مطابق پاکستان میں شائع ہونے والا سب سے پہلا حمدیہ مجموعہ "پتھر میں آگ" ہے، جو کہ ڈاکٹر عبدالسلام طور کا ہے۔ مذکورہ حمدیہ مجموعہ 1980ء� میں لاہور سے شائع ہوا، جب کہ دوسرا مجموعہ مظفر وارثی کا ہے، جو "الحمد" کے نام سے 1984ء� میں شائع ہوا تھا۔ اس کے بعد کئی اور مجموعہ ہائے حمد بھی شائع ہوئے، مگر 1998ء� میں "حمدنامہ" شیبا حیدری کا حمدیہ مجموعہ منظرِ عام پر آیا اور اس کے علاوہ "اللہ الصمد" نگار فاروقی کا حمدیہ مجموعہ 2001ء� میں شائع ہوا۔ سائرہ حمید تشنہ کا "سرچشمہ حمد" اور اس کے علاوہ موصوفہ کے دو اور حمدیہ مجموعے بھی شائع ہو چکے ہیں۔ میرا مقصد یہاں کسی قسم کا تقابل نہیں ہے، بل کہ حمدیہ شعری کاوشوں کا زمانی تعارف ہے، تاکہ ادبی حوالے سے حمدیہ کام کرنے والوں اور طالب علموں کو ریکارڈ مہیا ہو سکے۔ ممکن ہے اس سے پہلے بھی کئی اور یا کچھ یا کوئی حمدیہ مجموعہ شائع ہوا ہو، جو کہ اہلِ نقد و نظر کے سامنے نہ آیا ہو۔

کیوں کہ کتنے ہی بارش کے قطرے تھے کہ فطرت میں بلند تھے، مگر ان کو کسی سیپ کی گود میسر نہ ہو سکی اور وہ گوہر نہ بن سکے۔ کتنے ہی ناقدریِ جہان سے خدائے سخن مٹی ہوئے، مگر سخن کے پیغمبر بھی نہ بن سکے۔ کئی اہلِ فکر و دانش ایسے ہیں جنھیں اپنی زندگی میں شرفِ قبولیت کی روشنی میسر نہ آ سکی۔ کتنے ہی صاحبِ علم و نظر تھے، کتنے ہی ادب کے عالم تھے کہ جن کی تخلیقات، اختراعاتِ فائقہ ہوتے ہوئے بھی اشاعت کے مراحل سے نہ گزر سکیں۔ بس وہ جسے اپنی ثنا کی توفیق دیتا ہے، اس کو لفظ و معنی کے استعمال کا فن بھی سکھا دیتا ہے۔ ابھی تک اردو ادب میں عورتوں کے حوالے سے جو حمدیہ مجموعے منصہ شہود پر آئے ہیں، وہ سب روایتی فکر اور مناجات و شکرانے کے رنگ لیے ہوئے ہیں، مگر ابھی ہم جس حمدیہ مجموعے کا مطالعہ کرنے جا رہے ہیں، وہ نسوانی حوالے سے ایک نیا حمدیہ منظرنامہ بناتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ پروین سجل کا ادبی سفر بتاتا ہے کہ آپ نے اردو اور پنجابی ادب میں اپنی ایک انفرادی پہچان بنائی ہے۔ ابھی اسی سال 2026ء� میں مَیں نے موصوفہ کے ایک پنجابی حمدیہ دیوان کا مسودہ "گھڑونجی" کے نام سے پڑھا، جو کہ اپنی نوعیت کا ایک الگ فنی تجربہ تھا۔ "یٰسد" ایک حمدیہ مجموعہ ہے "ی س دال" یہ ایک اصطلاح ہے۔ آپ اسے خودساختہ کہیں یا روحانی تجربے کی دَین، اس لفظ کو قلبی واردات کہیں یا سجَل کے دل پر اترنے والی وہ خوشبو جو لفظ کا روپ دھار گئی جس کی وہ خود بھی تشریح نہ کر سکتی ہو۔ اور بعض اوقات روحانی مشاہدات و تجربات میں قلبی واردات و سفرِ سلوک میں ایسا ہوتا ہے کہ انسان "دیکھا ہے جو میں نے، اوروں کو بھی دکھلا دے" کہہ کر چپ ہو جاتا ہے، مگر ایک عورت کے مشاہدات و تجربات اور روحانی سفر کو اہلِ نقد و نظر حیرت سے نہیں دیکھیں گے ، بل کہ فخر سے دیکھیں گے اور فخر کریں گے۔ اب اگر پروین سجل کے حمدیہ افکار کے ساتھ ساتھ آپ اسمِ اعظم کی مہک بھی اپنی روح میں محسوس کرنا چاہیں تو آپ کو اس کے ساتھ وہیں کھڑے ہو کر حمد پڑھنی پڑے گی جہاں کھڑے ہو کر اس نے یہ سب کچھ لیا ہے۔ حمدِ باری تعالیٰ لکھنے کے لیے قرآن میں غوطہ زن ہونا پڑتا ہے، بحر کی موجوں میں اضطراب پیدا کرنا پڑتا ہے، تب کہیں جا کر آپ محسوس کرتے ہیں کہ: عرش سے اترے تجلی، فرش پر برسے کرم

کْن کی رمزوں سے فروزاں دیکھیے منظر عجب

اسمِ اعظم کی مہک جب روح میں اتری سجل

دل بنا اک طورِ انور، نور کا گوہر عجب

زائچہ اور حاشیہ کیا، حسنِ غمزہ ہے سجل

اک جہاں خوش تر کھْلا نظّارہ ہے یکسر عجب

کیا ازل صورت سجل جی نور ہے یٰسد

خوشبوؤں کے کیف سے بھرپور ہے یٰسد

خدائے واحد و یکتا کی بنائی ہوئی ہر چیز اس درجۂ کمال پر فائز ہے کہ اس میں ادھورا ہونے، کمی ہونے یا نقص ہونے کا شائبہ تک بھی نہیں ہے اور جب انسان غور و فکر کرتا ہے، تدبر و تفکر سے کام لیتا ہے، خالق و مالک کے اْجالوں اور اس کے نور سے دل میں ایک تجلی سی پیدا ہوتی ہے۔ بس انسان جب اس کے کرم رحم، اس کی قدرت، اس کے حسن و جمال، اس کی وحدانیت کو اپنی رگِ جاں میں اْتارتا ہے تو اس کی سوچ کا یہی انداز اور فکر کا زاویہ تحسین و ستائش کی بے ساختگی کو حمد بنا دیتا ہے۔ کسی نے کیا خوب کہا ہے کہ:


اْس مفکر سے زیادہ کون ہوگا کم نظر

جو یہ کہتا ہے کہ دنیا کا خدا کوئی نہیں


انسان جب اس کی حمد و ثنا کے لیے قلم اٹھاتا ہے تو وہ اپنے آپ کو بے بس اور عاجز محسوس کرتا ہے۔ وہ بہت کچھ کہنے اور لکھنے کے باوجود بھی کچھ نہیں کہہ سکتا، کچھ نہیں لکھ سکتا اور اس کا عجزِ بیاں ہی اس کا حسنِ بیاں بن جاتا ہے۔ سجل نے پہلے اپنی روح میں مضامینِ قرآن اتارے ہیں کہ حمد کے سْومے یہیں سے پھوٹتے ہیں۔ انھی لا ریب اور روشن اْجالوں کے لفظوں سے دل منور ہوتے ہیں۔ سجل نے پہلے اس کتاب سے اپنے دل کو روشن کیا ہے اور پھر ان مضامین کو اپنی حمد میں ڈھالا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے سورہ فاتحہ کا آغاز بھی الحمد سے کیا یعنی کہ انسان جب اس کی عبادت کے لیے، اس کی حمد و ثنا کے لیے آئے تو پہلے اپنے رب کی حمد کرے۔ سالک جب راہِ طلب میں قدم رکھے تو پہلے اپنے رب کو یاد کرے، جس نے اس راہ پر گامزن ہونے کی توفیق بخشی ہے۔ سورہ�خلاص میں بھی اسی کی حمد کی جلوہ گری ہے۔ انھی مضامین کے نور کو سجل نے اپنی راہ بنایا ہے اور یہ خوشبو اور مہک بن کر، ادراک بن کر، ذوقِ دعا بن کر اس کے دل پر اترے ہیں جن کو اس نے ایک نئی اصطلاح میں بیان کر دیا ہے۔ اس کا مشاہدہ دیکھیں:


نور نے جب لوحِ دل پر ایک نقطہ لکھ دیا

جاگ اْٹھے سلسلے سب اور دلائل خوش سرا

حرفِ اقرا کی صدا سے وا ہوئے اسرارِ جاں

بن گئے کشف و شہودِ دل وسائل خوش سرا

طور کی وادی میں جب خاموشیوں نے دم لیا

گونجے پھر ذوقِ دعا کے سب شمائل خوش سرا

اے سجل حیرت سرا میں کیا نوازش، التفات

کیاحطیمی بازوئے رحمت حمائل خوش سرا

کیا عجب خوشبو، مہک اور خوش سرا یٰسد

جاں بحالت کیا چہک اور خوش سرا یٰسد

پروین سجل نے اپنے اس مجموعہ�‰مد میں اپنے خالق و مالک کے اسمائے حسنیٰ کو بڑے خوبصورت طریقے سے استعمال کیا ہے۔ حمد لکھتے ہوئے جہاں حمد نگار کا قرآن میں غوطہ زن ہونا ضروری ہے، وہاں اس کے معنی و مفہوم اور سیرتِ رسول ? کے پہلوؤں کو بھی سمجھنا اور جاننا ضروری ہے۔ پروین سجل نے اپنی حمد کو ان دونوں مضامین سے سجائے رکھا ہے۔ بعض شعر تو مسلسل صنعتِ تلمیح کا روپ دھارے سامنے آتے ہیں اور بعض مصرعوں میں ایسے امکانی منظر بیان کیے ہیں جو وحدہٗ لا شریک کے جبار و قہار ہونے کی گواہی دیتے ہیں۔ سجل نے اپنی حمد کو جہاں حمد و ثنا کے مضامین سے سجایا ہے، وہاں مناجات اور شکرانے کے پھول بھی اْگائے ہیں۔ ان مختلف نظموں کو ہم موضوعاتی حوالے سے دیکھ سکتے ہیں۔ موصوفہ نے ایک ایک مضمون کے ساتھ انصاف کیا ہے اور جس طرف بھی ان کی نظر گئی ہے، جس حوالے سے بھی انھوں نے لکھا ہے، اس کا حق ادا کرنے کی کوشش کی ہے۔

آسماں جب دھنکی روئی بن کے اْڑتا جائے گا

اور بچھونا پاؤں کے تلووں سے کھینچا جائے گا

ہوں خس و خاشاک صورت میں ڈروں اس وقت سے

جب غبارِ جان کو بے سمت ہانکا جائے گا

لائقِ مسجود غالب میں ڈروں اس وقت سے

آلودہ نامہ جب سرِ محشر ہی کھولا جائے گا

نکتہ بیں اے نکتہ چیں جاں میں ڈروں اس وقت سے

رنگِ چہرہ خوف سے مخزون ہوتا جائے گا

ذاتْ الجبار، ہادی میں ڈروں اس وقت سے

جب گِراں بار اونٹنی کا گر کجاوہ جائے گا

ذاتِ ارفع خافِضٌ اے میں ڈروں اس وقت سے

جب ضیائے مہرِ عالم بھی سمیٹا جائے گا

الخبیر اے اَلمْعِزّْ میں ڈروں اس وقت سے

لوحِ جاں اعمال نامہ ضبط ہوتا جائے گا


ان اشعار میں مضامین کی ایک روانی ہے، قرآنی مطالب کا مفہوم ہے، خدائے عزوجل کے وہ امکانی مناظر ہیں جو ابھی کسی انسان نے ظاہری طور پر نہیں دیکھے مگر ان کا احساس پروین سجل نے اپنے اشعار میں یوں کروا دیا ہے کہ جیسے ابھی یہ منظر ہمارے سامنے بنا کہ بنا۔ یہی کمال ہے اس کی حمد کا۔ وہ اپنے روحانی سفر کو ایک منفرد طریقے سے بیان کر رہی ہے۔ اگر ہم پنجابی ادب کا بالخصوص مطالعہ کریں تو ان مناظر کو کئی حوالوں سے بیان کیا گیا ہے، مگر اردو حمد میں شاید پروین سجل کی "یٰسد" واحد مثال ہے جس میں یہ رنگ نمایاں دکھائی دیتا ہے۔ ہمارے بہت سے شاعر ایسے ہیں جن کے افکار شاعری میں فی بطنِ شاعر ہی رہ جاتے ہیں۔ ان کے ذہن و فکر میں موجود فکری خاکہ کسی فکری صورت کا مکمل روپ دھار کر ظاہر نہیں ہو پاتا۔ ایسے شاعر مصنویت سے کام لیتے ہیں اور کچھ ایسے ہیں کہ اپنے روحانی تجربات پوری سچائی کے ساتھ مکمل فکری ابلاغ سے بیان کر دیتے ہیں۔ پروین سجل کا "یٰسد" اس فکر کی روشن خوبصورت اور اچھی مثال ہے۔


پروین سجل نے خدائے لم یزل کی قدرت اور فطرت کے جو مناظر دیکھے ہیں اور جس آنکھ اور زاویے سے دیکھے ہیں، موصوفہ نے اسی زاویے سے اور دل کی آنکھ سے ان کو دکھانے کی کوشش بھی کی ہے۔ ایک شاعر ہمیشہ انسانوں کے لیے سماجی بہتری اور فکری پاکیزگی کے لیے ، لوگوں کی بھلائی اور ذہنی بالیدگی کے لیے اپنے تجربات و مشاہدات کو، اپنے مطالعے کو پیش کرتا ہے۔ پروین سجل نے بھی پوری دیانت داری کے ساتھ اپنے ان روحانی اسفار کو مختلف نظموں کی صورت میں پیش کیا ہے جو اس نے پچھلے دس سالوں میں کیے ہیں۔

ہوں میں راضی گو کہ تیری رحمتیں ہیں بے شمار

شکر ہو کیسے ادا گر تیری رحمت بے کراں

تو ہے واحد اور تری تجسیم میں رشتہ ہے کب

گو پسر تیرا نہ دختر تیری رحمت بے کراں

کیا فلک کے آنچلوں پر جگمگاتے ہیں چراغ

کیا ستاروں کا ہے بستر تیری رحمت بے کراں

بادلوں کی بستیوں سے حمد کی گونجے صدا

کلمہ طیّب، ذکرِ انور تیری رحمت بے کراں

کیا کریمی ہے عطا تو نے کیا یٰسد

کیا جْہل کو تیری رحمت نے دیا یٰسد

خالقِ کون و مکاں نے تخلیقِ کائنات کے بعد فطرت میں جو اپنی قدرت کے رنگ بکھیرے ہیں، انھی رنگوں سے انسان نے اپنے رب کے حسن و جمال کو دیکھا ہے کیوں کہ وہ خود بھی جمیل ہے اور جمال کو پسند بھی کرتا ہے، اسی لیے اس نے کہا کہ "واللہ جمیل ویحب الجمال"۔ اس کی قدرتوں کے رنگوں اور اس کے جمال کو ہر جگہ محسوس کیا جاتا ہے، یعنی اس المصور نے جو جو جہاں جہاں بھی تصویر بنائی ہے، وہ خالق اس تخلیق میں اپنے حْسن سمیت موجود ہے۔ پروین سجل نے اسی حْسن کو، اسی جلوے کو، قادرِ کْن فکاں کے کْن کے اہتمام کو دیکھنا چاہا ہے۔ اگر آپ ذوقِ جمالیات رکھتے ہیں تو موصوف کی کچھ حمدیں آپ کو اپنے ساتھ بہا کر لے جائیں گی، روانی اور فکری پرواز آپ کو کہیں رکنے نہیں دے گی۔ آپ پروین سجل کے ساتھ ساتھ گنگنانے لگ جائیں گے اور اس حْسن و جمال کو جو حمد کی صورت میں اس کی "یٰسد" میں بکھرا پڑا ہے، اسے اپنی ذات کا حصہ بنتے محسوس کریں گے۔ اگر آپ کچھ دیر کے لیے "یٰسد" کے معنوی و فکری مفہوم کو بھول بھی جائیں تو پھر آپ پر موصوفہ کے ہر شعر کا فکری مفہوم کھلتا جائے گا۔ پروین سجل نے اپنے مجموعہ حمد "یٰسد" میں زندگی کے ہر حوالے کو بیان کرنا چاہا ہے۔ انھوں نے عملی حوالے سے ذکرِ لا اِلٰہ کو اہلِ بیتِ مصطفی سے، بدر و احد اور کربلائی معرکے سے لے کر اسے:


روزِ محشر تک یہی حرفِ بقا لوح و قلم

ہر ورق ہر ماجرا، توحید بولے لا اِلٰہ


کہیں کہیں تو "یٰسد" میں موصوفہ کے بنائے ہوئے ردیف ہی حمد و ثنا کے مفہوم کو یوں بیان کرتے ہیں کہ قاری ان کے معنی و مفاہیم میں کھو کر رہ جاتا ہے۔ پروین سجل نے اپنی حمد کو جہاں قرآن و حدیث کے الفاظ اور موضوعات سے خوبصورت بنایا ہے، وہاں انھوں نے سیرتِ رسولِ کریم ? کے مختلف پہلوؤں کو بھی بڑے دل نشین انداز میں بیان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ تاریخِ اسلام کے روشن پہلوؤں سے بھی اْجالے لے کر بڑے مخصوص الفاظ میں، تلمیحات و تراکیب میں مختلف حوالوں سے ان کو اپنی حمد میں سمیٹا ہے، کہ قارئین کا ایمان تازہ ہو جاتا ہے۔


"یٰسد" جو کہ ان کی ذاتی اختراع ہے، اس کی تفہیم ہو نہ ہو، مگر ساری حمد یوں قارئین کے دل و نظر کا حصہ بنتی ہے کہ ان کی فکر پر فکری اور فنی گہرے نقوش چھوڑتی ہوئی تقدیسی ادب میں نسوانی حوالے سے اور حمد میں عورتوں کے حصے کے اعتبار سے نقد و نظر کے حوالے سے کام کرنے والوں کو کئی راہیں دے جاتی ہے۔ راستہ دینا تو نیکی اور بہتر کام ہے، مگر آنے والوں کے لیے راستہ بنانا اور ان کے لیے راستہ چھوڑنا، سفر کو آسان بنانا، اس سے بھی بڑا کام اور نیکی ہے۔ پروین سجل نے تقدیسی ادب میں حمد کے حوالے سے جو راستے بنائے ہیں، تخلیقی حوالے سے، نقد و نظر کے اعتبار سے، اس کا فیصلہ تو آنے والا وقت ہی کرے گا۔ "یٰسد" کا حمدیہ حوالے سے تقدیسی ادب میں کیا مقام بنتا ہے، اس کا تعین بھی مستقبل پر ہی چھوڑتے ہیں۔ ابھی آپ حمد پڑھیں اور پروین سجل کے روحانی مشاہدات میں اپنے آپ کو کہیں کھڑا محسوس کریں۔


[1]

حوالہ جات

مزید دیکھیے

نئے صفحات

حواشی و حوالہ جات