چھتیسویں مشاعرے کی مفصل کارروائی کی رپورٹ ۔ ڈاکٹر ذوالفقار علی دانش
با اشتراک ادارہ دنیائے نعت اور چوپال پاکستان نعت فورم
محفلِ نعت حسن ابدال کا چھتیسواں ماہانہ نعتیہ مشاعرہ[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]
زیرِ صدارت : جناب ناظم شاہجہانپوری |
مہمان خصوصی : |
میزبان : جناب ملک مبشر علی و برادران |
نظامت : ڈاکٹر ذوالفقار علی دانش |
مقام : فرینڈز کالونی جی ٹی روڈ حسن ابدال |
تاریخ : اتوار 27 نومبر 2019 – بمطابق 29 ربیع الاول 1441ھ |
اپنے ادارے کی نعتیہ سرگرمیاں، کتابوں کا تعارف اور دیگر خبریں بھیجنے کے لیے رابطہ کیجئے۔ |
شرکائے مشاعرہ[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]
محفل میں شرکت کرنے والے شعرائے کرام کے اسمائے گرامی درجہ ذیل ہیں
اٹک سے جناب حسین امجد ، ہری پور سے جناب عبدالباسط قمر ، فتح جنگ سے جناب دانیال احمد اور حسن ابدال سے جناب سائل بٹ ، جناب ناظم شاہجہانپوری اور سیکرٹری محفلِ نعت ڈاکٹر ملک ذوالفقار علی دانش ۔
مشاعرے کی کاروائی[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]
"نعت کائنات " پر اپنے تعارفی صفحے ، شاعری، کتابیں اور رسالے آن لائن کروانے کے لیے رابطہ کریں ۔ سہیل شہزاد : 03327866659 |
تاجدارِ کائنات فخرِ آدم و حوا دعائے خلیل و مدعائے جملہ انبیاء نور من نور اللہ سیدنا احمدِ مجتبےٰ محمد مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتِ بابرکات پر درود و سلام اور نعت گوئی کا سلسلہ ازل سے جاری ہے اور تا ابد جاری و ساری رہےگا کہ جس کا ذکر خود خدائے رحیم و کریم کرتا ہو اس کے دوام میں رتی برابر بھی شبہ نہیں ہو سکتا ۔ فروغِ نعت کے حوالے سے قائم تنظیم اور سرزمینِ حسن ابدال اور گرد و نواح میں نعتیہ ادب کے فروغ کے لیے کوشاں ادارہ محفل نعت پاکستان حسن ابدال گزشتہ کم و بیش تین سال سے علاقہ ہذا میں حمد و نعت کی محافل کا بلاناغہ انعقاد کرتا چلا آرہا ہے ۔ ادارہ دنیائے نعت کے اشتراک سے اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے ڈاکٹر ذوالفقار دانش اور میزبانِ محفل جناب ملک مبشر علی کی میزبانی میں ان کے والدِ گرامی جناب ملک عبدالحمید علیہ الرحمہ کے چھٹے سالِ وصال کے موقع پر چھتیسواں مسلسل ماہانہ نعتیہ مشاعرہ ملک گیر ادبی تنظیم چوپال پاکستان کے نعت فورم کے تعاون سے ماہِ ربیع الاول کی ختتامی ساعتوں میں بتاریخ 27 نومبر 2019 بمطابق 29 ربیع الاول 1441 ھجری بروز بدھ حسن ابدال میں ڈاکٹر ذوالفقار دانش کی رہاشگاہ پر انعقاد پذیر ہوا ۔ کیفیات سے بھرپور اس بابرکت محفل کی صدارت محفلِ نعت پاکستان حسن ابدال کے صدر نشین بزرگ شاعر جناب ناظم شاہجہانپوری نے کی ۔ اس موقع پر باذوق سامعین بھی تادمِ اختتام محفل میں موجود رہے ۔ محفل کی نظامت سیکرٹری محفلِ نعت حسن ابدال ڈاکٹر ذوالفقار علی دانش نے کی ۔ تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت جناب شعبان رفیق نے جبکہ محمد دانیال احمد نے ڈاکٹر دانش کا ربیع الاول کے مبارک ایام کے لیے لکھا گیا خصوصی کلام مترنم نعت کی صورت میں سنانے کی سعادت حاصل کی ۔ اس موقع پر معروف صحافی اور کالم نگار جناب ملک شاہد اعوان ساحب نے مترنم انداز میں خواجہ غلام فرید اور حضرت سلطان باہو کے کلام سنا کر سامعین سے خوب داد وصول کی ۔ محفل کے اختتام پر ختم قل شریف کے بعد محفل کے توسط سے میزبانِ محفل کے والد جناب ملک عبدالحمید علیہ الرحمہ اور گزشتہ روز ہی وفات پانے والے ان کے دیرینہ رفیق جناب حاجی فضل خان صاحب کے لیے خصوصی اور تمام مرحومین کے لیے عمومی دعائے مغفرت کی گئی ۔ اس موقع پر تمام بیماروں کے لیے شفایابی کی خصوصی دعا کی گئی اور بارگاہِ الہیٰ میں ملک و ملت کے استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی ۔ بعد از دعا محفلِ نعت کےتین سالہ سفر کا اجمالی جائزہ لیا گیا اور اس دوران پیش آنے والی مشکلات اور کامیابیوں پر تفصیل سے گفتگو کی گئی ۔ بالخصوص اس امر کا خصوصی طور پر ذکر کیا گیا کہ معروف محقق اور اٹک سے تعلق رکھنے والے معروف شاعر و ماہرِ تعلیم جناب پروفیسر نصرت بخاری کی تحقیق کے مطابق ادارہ محفلِ نعت پاکستان حسن ابدال پورے ضلع اٹک کی تاریخ میں واحد تنظیم ہے جو صرف اور صرف فروغِ نعت کے حوالے سے نہ صرف کام کر رہا ہے بلکہ نعتیہ مشاعروں کے مسلسل ماہانہ انعقاد کو مسلسل تین سال سے یقینی بناتا چلا آ رہا ہے ۔ اس بات پر اتفاقِ رائے پایا گیا کہ محفلِ نعت کے تین سالہ سفر کی تمام روداد کو کتابی شکل میں منصہِ شہود پر لایا جائے ۔ مزید براں علاقے کے شعرا کو حمد و نعت کی جانب راغب کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا ۔
"نعت کائنات"پر غیر مسلم شعراء کی شاعری کے لیے بھی صفحات تشکیل دیے گئے ہیں ۔ ملاحظہ فرمائیں : غیر مسلم شعراء کی نعت گوئی |
مشاعرے میں پیش کیے گئے گلہائے عقیدت[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]
اس مبارک محفل میں پیش کئے گئے منتخب گلہائے نعت ملاحظہ کیجیئے
ناظم شاہجہانپوری ( صدرِ محفل )
پہلے بھی موجود تھا یہ لوحِ محفوظ پہ مدت سے
نطقِ محمد تک جب پہنچا تب جا کر قرآن ہوا
نورِ محمد کے آگے جو جھک گئے حکمِ الہیٰ سے
وہ ہی فرشتے کہلاتے ہیں ، جو نہ جھکا شیطان ہوا
حسین امجد
میں دست بستہ درود و سلام بھیجتا ہوں
یہ اور بات کہ حسان ہو نہیں سکتا
قبول کر لیں مرے ٹوٹے پھوٹے لفظوں کو
کہ شعر آپ کے شایان ہو نہیں سکتا
دانیال احمد
خدا کے لطف و کرم کا نزول ہوتا نہیں
نہ ہوتے آپ تو کوئی رسول ہوتا نہیں
جو بارگاہِ رسالت سے باریاب نہ ہو
وہ بارگاہِ خدا میں قبول ہوتا نہیں
عبد الباسط قمر
آنکھوں میں اشک ، قلب میں ارمانِ نعت ہے
پلکیں جھکی ہوئی ہیں کہ امکانِ نعت ہے
ہے نعتِ مصطفیٰ کی بدولت مرا مقام
یعنی مرا مقام بہ فیضانِ نعت ہے
ساتل بٹ
صحنِ حرم سے لفظ اٹھا کر جا کے مدینہ نعت لکھوں
یا رب ! کوئی ایسا دن ہو کوئی مہینہ ، نعت لکھوں
ان کا سراپا دھیان میں لاؤں ذہن معطر ہو جائے
ڈھونڈ کے لاؤں چاند ستارے اور نگینہ نعت لکھوں
ڈاکٹر ذوالفقار علی دانش ( ناظمِ مشاعرہ )
اَلسَّلام ! اے مصطفےٰ ، یٰس و طٰہٰ ! اَلسَّلام !
اَلسَّلام ! اللہ کے محبُوبِ یکتا ! اَلسَّلام !
اَلسَّلام ! اے مظہرِ خالق سراپا ! اَلسَّلام !
اَلسَّلام ! اے فاطمہ کے پیارے بابا ! اَلسَّلام !
مزید دیکھیے[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]
اپنے ادارے کی نعتیہ سرگرمیاں، کتابوں کا تعارف اور دیگر خبریں بھیجنے کے لیے رابطہ کیجئے۔ |
"نعت کائنات " پر اپنے تعارفی صفحے ، شاعری، کتابیں اور رسالے آن لائن کروانے کے لیے رابطہ کریں ۔ سہیل شہزاد : 03327866659 |
نئے صفحات | |||||||
---|---|---|---|---|---|---|---|
|