وہ جس سے مری آنکھ بینا، ہے مدینہ ۔ خورشید رضوی
نعت کائنات سے
This is the approved revision of this page, as well as being the most recent.
شاعر: خورشید رضوی
نعتِ رسولِ آخر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
وہ جس سے مری آنکھ ہے بینا، ہے مدینہ
وہ جس سے منور مرا سینہ، ہے مدینہ
ملتا ہے یہاں زہر شب و روز کا تریاق
ہے وقت اگر سیل، سفینہ ہے مدینہ
ہے نقش یہاں نام رسول عربی کا
انگشتری دل کا نگینہ ہے مدینہ
اندازہ نہ کر اس کا فقط آب و ہوا سے
فردوس ہے فردوس مدینہ ہے مدینہ
اس خاک میں ہے نور ابد گیر و ازل تاب
انوارِ نبوت کا دفینہ ہے مدینہ