نعت سرکار مرے دور کی پہچان بھی ہے ۔ محمد اکرم رضا
نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search
شاعر: محمد اکرم رضا
نعتِ رسولِ آخر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]
نعتِ سرکار مرے دور کی پہچان بھی ہے
میری بخشش کا سرِ حشر یہ سامان بھی ہے
میں نے فرقت میں حضوری کا مزا پایا ہے
میرا اظہار، مرے درد کا درمان بھی ہے
نعت سے مجھ کو سلیقہ ملا گویائی کا
اپنے آئینِ عقیدت کا یہ اعلان بھی ہے
اُن کے ناموس کی عظمت پہ تصدّق ہوں گے
اپنے آقا سے غلاموں کا یہ پیمان بھی ہے
نعت کو شانِ عطا وجہِ شفاعت کہیے
ہم پہ سلطانِ دو عالم کا یہ احسان بھی ہے
میں نے پلکوں پہ ستارے سے ابھرتے دیکھے
مدحِ سلطان جہاں رفعتِ وجدان بھی ہے
نعت و مدحت کی ہے حقدار فقط ذات وہی
عین قرآن ہے جو صاحب قرآن بھی ہے
شاعرو! مدحتِ آقا میں یہ ملحوظ رہے
جو بھی کہتے ہو، وہ سرکار کے شایان بھی ہے
نعت ہے حکم الہیٰ کی سراسر تعمیل
یہ ہے ایمانِ رضا، سنّتِ حسّان بھی ہے