نعتیہ نظم ۔ کرب ۔مسعود رحمان
نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search
شاعر : مسعود الرحمن
کرب
کرب
ہجرت ِ پاک کا
دوسرا سال ہے
بدر کی جنگ ہے
سرور ِدوجہاںﷺ
حق کی خاطر
رضاے خدا کے لیے
لڑ رہے ہیں مگر
اپنی بیٹی کی حالت پہ مغموم ہیں
بدر کی جیت تب آنسووں میں ڈھلی
جب خبر یہ ملی
اب رقیہ ؑ بھی ہرغم سے آزاد ہیں
باپ شاہ ِامم ﷺ ہیں مگر قسمتیں
نور ِجاں کا جنازہ پڑھا نہ سکے
دامن ِ قبر میں
جان ِقلب ِخدیجہ ؑ لٹِا نہ سکے
کرب ، حیرت کناں
درد ، محو ِفغاں
فاطمہ ؑ
سسکیوں میں دعائیں لیے
تربت ِ پاک کے پاس بیٹھی ہیں اور
ان کے شانے پہ
غم سے لرزتا ہوا
مَا رَمیتَ کی عظمت بھرا ہاتھ ہے