م محمدﷺ
کتاب : م محمدﷺ
شاعر: فہیم اسلم
پبلشر: کتاب بستی پبلشرز لاہور ۔ 03336456769
صفحات: 160
قیمت: 1000 روپے
سال ِ اشاعت: 2025
تعارف کنندہ: ارسلان ارشد
م محمدﷺ[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]
اکیسویں صدی کے پہلے 25 سالوں کے دوران جیسے نعت گویان اور نعتیہ کتب کی اشاعت میں خاطر خواہ اضافہ ہُوا ہے ویسے ہی نعت کے شعراء میں جدت طرازی اور انفرادیت پسندی کا روجحان بھی پروان چڑھا ہے ۔ اِس روجحان کے تحت کسی شاعر نے ایک ہی بحر میں کئی سو اشعار پر مبنی کتاب تخلیق کی تو کسی نے اسماء الحسنیٰﷻ اور اسماءالنبیﷺ کو ردیف بنا کر کلام لکھے، کسی نے کوئی خاص موضوع لے کر اُس پر ڈھیروں نعتیں کہِیں تو کسی نے غیر منقوط یا صرف منقوط حروف والی نعتوں کے مجموعے شائع کروائے۔ اِس نوعیت کا انفرادیت پسندی والا کام زیادہ تر اردو نعت میں ہی ہُوا ہے مگر فہیم اسلم نے اس روجحان کو پنجابی نعت میں لا کر یقیناً سب کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ ”م محمدﷺ“ نعت کی دنیا میں فہیم اسلم کا نقشِ اولین ہے۔ اس کتاب کی خاص بات اور انفرادیت یہ ہے کہ اس میں موجود ہر شعر کا آغاز ”م محمدﷺ“ سے ہوتا ہے اور مزید حیران کُن بات یہ ہے کہ صرف نعتیں ہی نہیں بلکہ حمد اور سلام کے بھی ہر ایک شعر میں اِسی التزام کو نبھایا گیا ہے۔ غالب گمان یہی ہے کہ پنجابی نعت کی تاریخ میں ”م محمدﷺ“ سے قبل اِس انداز کا کوئی نعتیہ مجموعہ شائع نہیں ہُوا۔ کتاب میں موجود کلام کا جائزہ لیں تو اِس میں پنجابی کا خوبصورت اور میٹھا لہجہ دیکھنے کو ملتا ہے۔ شاعر نے عقیدت و محبت کے ساتھ رحمتِ کُل عالمینﷺ کی شان میں اشعار کہے ہیں اور اِسی عقیدت بھرے انداز میں اُنﷺ کی بارگاہ میں اپنی اور امتِ مسلمہ کی عرضیاں بھی پیش کی ہیں۔ سیاہ بیک گراؤنڈ پر گہرے سنہری رنگ میں تحریر ”م محمدﷺ“ اور ارد گرد نفیس ڈیزائننگ پر مبنی سرورق والے اِس خوبصورت مجموعہء نعت میں 1 حمد، 43 نعتیں، 6 دعائیہ کلام، سجدہء شکر کے عنوان سے 2 کلام، 5 سلام اور الگ سے (بچوں کے لئے) 5 نعتیں شامل ہیں۔ کتاب کے ابتدائی صفحات پر ڈاکٹر محمد ریاض شاہد اور عرفان سعید کے مختصر مضامین کے علاوہ صاحبِ کتاب کا پیش لفظ بھی موجود ہے جبکہ ”چڑھاوا“ کے عنوان سے کتاب کا منظوم انتساب سرکارِ عوالم حضرت محمد مصطفےٰﷺ کے نام کیا گیا ہے۔ اِس کتاب کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ اِس کے کسی بھی شعر میں حضورﷺ کے لئے تُم، تُو تمہارا یا تیری جیسے الفاظ کا استعمال نہیں کیا گیا۔ یہ احتیاط جب کسی پنجابی مجموعہء نعت میں دیکھنے کو ملے تو دوہری خوشی ہوتی ہے کیونکہ اکثر پنجابی شعراء کا یہ مؤقف ہے کہ اردو میں تو یہ احتیاط آسان ہے لیکن پنجابی زبان میں اس کا خیال رکھنا بہت مشکل ہے مگر اِس مشکل کے باوجود فہیم اسلم نے بہت خوبصورتی سے اِس قرینے کو نبھایا ہے اور حکمِ ربانی کی تعمیل کرتے ہوئے نعت میں سرکارﷺ کے لئے تعظیم و توقیر والے الفاظ کا استعمال کیا ہے جس پر وہ یقینی طور پر داد، مبارکباد اور ستائش کے حقدار ہیں۔
منتخب اشعار[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]
م محمدﷺ آپ نے دِتا سانوں ایہہ پیغام
حق دے رستے ٹُردے رہنا ہے جیون دا نام
م محمدﷺ نور بن کے آ گئے
آن مُکیاں ہین راتاں کالیاں
م محمدﷺ آپ دی رحمت میرے دل تے وَسدی اے
نِکا میرا بھانڈا اے جو سانبھے ایس خزینے نوں
م محمدﷺ آپ دا ناں
جیویں سر تے گُوڑھی چھاں
م محمدﷺ پاک عنایت کردے اُس دے اُتے
آن فرشتے لین بلاواں جو پڑھدا اے نعتاں