میرے مقصود نظر ہیں وہ نگار زندگی ۔ راز کاشمیری

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search


شاعر: راز کاشمیری

نعتِ رسولِ آخر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

میرے مقصودِ نظر ہیں وہ نگارِ زندگی

جن کا خود مشتاق ہے پروردگارِ زندگی


حِلم وعفود دَر گزر کا ایک نقشِ دل نواز

وہﷺ کہ جن پر خود ہے نازاں نقش کارِ زندگی


حُسن تہذیب وتمدن جلوہ احسان وعدل

شہرِ عِلم ودانش وحکمت، وقارِ زندگی


پیکر لطفِ عمیم ومظہر خلقِ عظیم

وہﷺ کہ جن کی ہر ادا ہے اعتبارِ زندگی


شاہدِ عادل ہے اس پر آیۂ شقُ القمر

اُنﷺ کے ایمائے نظر پر ہے مدارِ زندگی


صاحبِ لولاک، روحِ خلقتِ ارض وسما

انﷺ کی ہستی باعثِ نقش ونگارِ زندگی


اُنﷺ کی یاد، اُن کے تصور، اُن کے ذکرِ خیر سے

بن گیا ہے تختہ گل، ریگ زارِ زندگی