عشق محبوب خدا نفع رساں ہوتا ہے

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search


شاعر: راحت انجم

بشکریہ:عالم نظامی

نعتِ رسولِ آخر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

عشق محبوب خدا نفع رساں ہوتا ہے

غیر کا عشق سدا وجہ زیاں ہوتا ہے


تاب نظارہ اگر ہے تو نظارہ کرلو

"حسن فردوس مدینے سے عیاں ہوتا ہے"


جب میں پڑھتا ہوں درود اور سلام آقا پر

پیش روضہ ہوں کھڑا ، ایسا گماں ہوتا ہے


مجھ میں اے جلوۂ جانانہ سما جا آ جا

تجھ سے ہی رشک جناں دل کا مکاں ہوتا ہے


لب کشا ہونا ضروری تو نہیں ان کے حضور

درد اشکوں کی زباں سے بھی بیاں ہوتا ہے


لعل و گوہر سے بھی ہیں قیمتی قطرے اس کے

اشک جو یاد محمد ﷺ میں رواں ہوتا ہے


ان کے دربار گہر بار کا ذرہ ذرہ

نازش مہر و مہ و کاہکشاں ہوتا ہے


نعت ہوتی ہے رقم ان کے کرم سے راحت

مجھ نکمے سے بڑا کام کہاں ہوتا ہے