اے نور کائنات، شہ آسماں خرام ۔ ابوالامتیاز مسلم
نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search
شاعر: ابوالامتیاز مسلم
نعتِ رسولِ آخر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
اے نورِ کائنات، شہِ آسماں خرام
اے نازِ جہانِ ازل سرور انام
دل کے چمن میں آپ ہی کے ذکر سے بہار
ہیں رشکِ عطر وعنبر وریحاں مرے مشام
آیا ہوں لے کے لطفِ شفاعت کی دل میں آس
مضمون گرچہ بابِ عمل کا بہت ہے خام
بخشایش خطا کا طلب گار ہے گدا
اے ذوالمنن، سحابِِ کرم، شاہِ ذوالکرام
دامن میں ذادِ راہ کچھ اس کے سوا نہیں
قلب گذار، آتشِ دل اشکِ لالہ فام
کملی میں ڈھانپ لیجیے ہر درد ورنج سے
اس سائبان مرحمہ کو بخشیے دوام
جاوؔک، اختیار ہے ہاتھوں میں آپ کے
کیجیے مجھے نویدِ شفاعت سے شاد کام
سنتا ہے بات آپ کی وہ غافر الذنوب
اے غوثِ مستغیث فیض آپ کے ہیں عام
مسلم درِ عطا پہ ہو سائل پناہ کا
لطفِ نگاہ کیجیے اے رحمت تمام