لب پہ جب نعت آگئی ہے ۔ خورشید ربانی
نعت کائنات سے
شاعر: خورشید ربانی
نعت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم
لب پہ جب نعت آگئی ہے
شاخِ جاں بھی مہک اٹھی ہے
آپؐ کی گفتگو میں آکر
حرف کو روشنی ملی ہے
خوشبوئے خاکِ پائے اقدس
لالہ و گل میں بس رہی ہے
خلد کی راہ ، دو جہاں پر
انؐ پر ایمان سے کھلی ہے
آگئی بادِ نو بہاری
زندگی پھول پھل رہی ہے
رشک سے تھامنا پڑا دل
ثور پر جب نظر پڑی ہے
لمعہء دہر میں فروزاں
روشنی انؐ کے نام کی ہے
قصویٰ کا بھی نصیب جاگا
آپؐ کے سائے میں چلی ہے
قافلے جا چکے مدینے
حسرت اک دل میں رہ گئی ہے