کوئی ردیف میں ہے کوئی قافیہ میں ہے
ڈاکٹر لکشمن سؤروپ شرما تخلص واحد ہے آپ 21 جنوری 1960 کو گنگا پور شہر راجستھان میں پیدا ہوئے آپ نے راجستھان سے 1983 میں ڈی - ایچ - ایم - ایس اور 1986 میں ممبئی سے پی - جی - سی - آر کی ڈگری حاصل کی آپ پیشے سے ڈاکٹر ہیں اور بنیادی طور پر غزل کے شاعر ہیں
آغاز سخن
آپ کے شعر و سخن کی ابتدا 2008/ میں ہوئی 2010 میں آپ کے ساتھ کچھ ایسا واقعہ پیش آیا کہ آپ اردو زبان کے شیدائ ہوگئے اور اردو کے الفاظ ڈھونڈ کر انکے معانی و مطالب سمجھنے کا آپ ایسا جنون طاری ہوا کہ آپ رات دن گوگل اور نیٹ کی دوسری سائڈوں پر اردو شاعری کے بارے میں معلومات اکٹھی کرنے میں وقت گزارنے لگے اسی جذبے کے تحت آپ نے اردو کے مختلف اداروں سے اردو سیکھی اور عروض کی معلومات بھی حاصل کی آپ کا ایک شعری مجموعہ (لبیک) کے نام سے منظر عام پر آچکا ہے 2016 میں عیدالفطر کے موقع پر ممبئی کے ایک مشاعرہ میں پہلی بار آپ کو نعت پاک پڑھنے کا شرف حاصل ہوا اس کے بعد آپ نے کئ نعتیں تخلیق کیں اس سفر میں بیارہ سے تعلق رکھنے والے ممتاز شاعر عاصی بیاروی آپ کی رہنمائی فرما رہے ہیں اعلانیہ طور پر عاصی بیاروی کو آپ اپنا استاذ تسلیم کرتے ہیں اور ان کے زیر سایہ اپنے فن کو سنوار رہے ہیں آج کل آپ سپت رنگ کو اپ ہاؤسنگ سوسائٹی ڈی 7/03سیکٹر 7/ سیونتھ ڈے اسکول کے سامنے سانپاڑہ (پورب) میں مقیم ہیں
شاعر: لکشمن شرما واحد
بشکریہ:عالم نظامی
نعتِ رسولِ آخر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
کوئی ردیف میں ہے کوئی قافیہ میں ہے
ہر لفظ میرا وصف رسول خدا میں ہے
باغ بہشت میں بھی نہ مل پائیگا کبھی
جتنا سکون دامن خیر الوریٰ میں ہے
کیا کیا بیاں ہو شان رسالت مآب میں
ہر وصف ہر کمال حبیب خدا میں ہے
مصروف ذکر ہم ہی نہیں ہیں جہان میں
نام نبی کا ذکر سبھی انبیا میں ہے
قرآن کی ہیں آیتیں اس بات کی گواہ
رب کی رضا بھی میرے نبی کی رضا میں ہے
واحد میں چاہ کر بھی نہ کر پاؤنگا بیان
اک معجزہ حضور کی ہر اک ادا میں ہے