تبادلۂ خیال:سلام یا حسین 2019
فراز کلام یہاں لگائیے
ایونٹ کے کلام
افضل خان - ملول ایسا ہوا منظرِ قضا سے میں
ملول ایسا ہوا منظرِ قضا سے میں
کہ روتا پیٹتا نکلا ہوں کربلا سے میں
تو اہلِ بیتؑ کی نصرت کو کیوں نہیں پہنچا؟
سوال مجھ سے کرے گا خدا، خدا سے میں
میں رو پڑا تو مجھے یاد آیا صبرِ حُسینؑ
سو اپنے آپ کو دینے لگا دلاسے میں
دھنسا نہ ریت میں دشمن نہ غرقِ آب ہوا
خفا فرات سے، ناراض ہوں ہوا سے میں
کہا یہ حُرؑ نے ریاضِ بہشت میں سب سے
مجھے بھی دیکھیے کیا ہو گیا ہوں کیا سے میں
یہ سوچ کر غمِ تشنہ لباں چنا افضل
اٹھا نہ پاؤں گا صدمے ذرا ذرا سے میں
راشد امام - خون کا گریہ کروں، صبر نہ آئے مولاؑ
خون کا گریہ کروں، صبر نہ آئے مولاؑ
نور کے جسم، سرِ نیزہ ہیں ہائے مولا ؑ
پاک آیات چھدی جاتی ہیں ٹاپوں کے تلے
فرش تا عرش، ابھرتی ہے ندائے مولاؑ
حلقِ اصغرؑ سے تجلی کا نمایاں ہونا
سرخی مائل ہوئی جاتی ہے قبائے مولا ؑ
اک بگولے میں بدل جاؤں امر ہوتے ہی
اتنی رفتارسے پہنچوں، جو بلائے مولا ؑ
آنکھ میں خون اترتا ہے لرزتا ہے بدن
تیرا بیمار کبھی یاد جو آئے مولاؑ
ظرف والوں کے نصیبوں میں یہ غم آتا ہے
تجھ کو غم ہے تو سمجھ خاص عطائے مولا ؑ
ایسے سر سبز چراغوں نے نمو کی راشد
اب معلی ہے، جو تھی کرب و بلائے مولاؑ