جگدیش چند جین

نعت کائنات سے
نظرثانی بتاریخ 15:59، 3 نومبر 2017ء از Admin (تبادلۂ خیال | شراکتیں) (←‏مزید دیکھیے)
(فرق) → پرانا نسخہ | تازہ ترین نسخہ (فرق) | تازہ نسخہ ← (فرق)
Jump to navigationJump to search


نامور اُردو شاعر جناب جگدیش چند جین ان شخصیتوں میں ہیں جنھیں ہندوستان کی مشترکہ تہذیب وروایات کا علمبردار کہاجاتا ہے۔اس وقت جین اُردو دنیا کے سب سے معمر اور برگزیدہ شاعر ہیں۔۹۲سالہ جگدیش چند جین کو دہلوی تہذیب کی زندہ علامت بھی سمجھا جاتا ہے آپ کا جنم ۱۹۲۲ء میں دہلی میں ہوا ۔خاندان اور بزرگوں میں اُردو شعروادب کا ماحول تھا، شہری فضا میں بھی اُردو شعروشاعری کی گونج تھی اس کااثر ان کے ذہن پر بھی پڑا ،اسکول اور کالج کے زمانہ سے ہی علمی ادبی سرگرمیوں میں پیش پیش رہنے لگے تھے۔


کالج کی تعلیم سے فراغت کے بعد آپ برطانوی فوج میں میجر کے عہدے پرفائز ہوئے۔ دوسری جنگ عظیم میں آپ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔فوج سے سبکدوش ہوکر آپ آزاد ہندوستان کے محکمہ ڈاک وتارسے وابستہ ہوگئے اور اپنی غیر معمولی لیاقت اور صلاحیت سے افسر اعلیٰ کے عہدے تک پہنچے ۔پہلے فوج اور پھر محکمہ مواصلات کی مصروفیات کے زمانہ میں ان کے دل میں بسے اُردو شعرو سخن کا شوق جوان رہا۔۱۹۷۱ء میں دوسری ملازمت سے بھی سبکدوش ہونے کے بعد انھوں نے خود کوپوری طرح اپنے ذوق وشوق کے سپرد کیا۔اس عمر میں بھی نامور شعراکی رہنمائی اورایک طرح کی شاگردی سے گریز نہ کیا ۔ شمیم ؔ کرہانی،ساغرؔ نظامی،رشیؔ پٹیالوی ،ساحر ہوشیار پوری جیسی شخصیات نے ان کے دیر سے شروع ہونے والے شعری سفر میں بھرپور رہنمائی کی ۔غزل ان کی پسندیدہ صنف ہے،انھوں نے اس میدان میں اپنی پختہ ذہانت کے خوب جوہر دکھائے ۔ان کی شاعری پر یادگار ِ داغ ابو الفصاحت پنڈت لبھو رام جوشؔ ملسیانی کارنگ غالب ہے۔ جوشؔ صاحب سے انھوں نے باقاعدہ تلمذ تو حاصل نہیں کیا لیکن وہ انھیں اپنا معنوی استاد مانتے ہیں۔جگدیش جین کاکلام تصوف اور روحانیت سے لبریز ہے:


پردے میں ہرآواز کے شامل تو وہی ہے

میں لاکھ بدل جاؤں مگردل تووہی ہے

ذرّوں میں دھڑکتے ہوئے دل دیکھے ہوں جس نے

نسان کی توقیر کے قابل تو وہی ہے


جینؔ صاحب نے خوبصورت نعتیں کہیں جن سے شاعرانہ تصنع نہیں دل کی گہرائیوں سے محسن انسانیت ،رسولِ رحمت صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم سے عقیدت کااظہار ہوتا ہے ۔نعت کے یہ شعر ثبوت کے طور پر:


بادۂ عشقِ نبی سے جس کا دل سرشار ہے

درحقیقت ایسا میکش خلد کاحقدار ہے

یوں تو دُنیا میں ہزاروں ہی نبی آئے مگر

شاہکارِ بزم فطرت آپ کا کردار ہے مگر

موجِ طوفان وحوادث اس کو چھوسکتی نہیں

جس سفینے کا کھویّا احمدِ مختار ہے

کہنا کیا جگدیش ؔ کی تقدیر کا اے دوستو!

اس کے دل میں بھی حبیبِ کبریا کا پیار ہے

مآخذ[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

جین اورکرسچین نعت گو شعرا ۔ فاروق ارگلی

مزید دیکھیے[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

جگن ناتھ آزاد | جگن ناتھ کمال کرتار پوری | دلو رام کوثری | ستیا پال آنند | شنکر لال ساقی | عرش ملسیانی | ہری چند اختر | مہندر سنگھ بیدی | آنند موہن زتشی | کشن پرشاد | گوہر دہلوی | شگن چند جین روشن | جگدیش چند جین