یا الٰہی ہر جگہ تیری عطا کا ساتھ ہو۔ امام احمد رضا خان بریلوی

نعت کائنات سے
(فرق) → پرانا نسخہ | تازہ ترین نسخہ (فرق) | تازہ نسخہ ← (فرق)
Jump to navigationJump to search


شاعر : امام احمد رضا خان بریلوی

کتاب : حدائق بخشش

مناجات[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

یا الٰہی! ہر جگہ تیری عطا کا ساتھ ہو

جب پڑے مشکل شہِ مشکل کشا کا ساتھ ہو


یا الٰہی! بھول جاؤں نزع کی تکلیف کو

شادیِ دیدارِ حُسنِ مصطفیٰ کا ساتھ ہو


یا الٰہی! گورِ تیرہ کی جب آئے سخت رات

اُن کے پیارے منھ کی صبحِ جاں فزا کا ساتھ ہو


یا الٰہی! جب پڑے محشر میں شورِ دار و گیر

امن دینے والے پیارے پیشوا کا ساتھ ہو


یا الٰہی! جب زبانیں باہر آئیں پیاس سے

صاحبِ کوثر شہِ جود و عطا کا ساتھ ہو


یا الٰہی! سرد مہری پر ہو جب خورشیدِ حشر

سیّدِ بے سایہ کے ظِلِّ لِوا کا ساتھ ہو


یا الٰہی! گرمیِ محشر سے جب بھڑکیں بدن

دامنِ محبوب کی ٹھنڈی ہوا کا ساتھ ہو


یا الٰہی! نامۂ اعمال جب کھلنے لگیں

عیب پوشِ خلق، ستّارِ خطا کا ساتھ ہو


یا الٰہی! جب بہیں آنکھیں حسابِ جرم میں

اُن تبسّم ریز ہونٹوں کی دُعا کا ساتھ ہو


یا الٰہی! جب حسابِ خندۂ بے جا رُلائے

چشمِ گریانِ شفیعِ مُرتجٰی کا ساتھ ہو


یا الٰہی! رنگ لائیں جب مِری بے باکیاں

اُن کی نیچی نیچی نظروں کی حیا کا ساتھ ہو


یا الٰہی! جب چلوں تاریک راہِ پل صراط

آفتابِ ہاشمی نور الہُدیٰ کا ساتھ ہو


یا الٰہی! جب سرِ شمشیر پر چلنا پڑے

رَبِّ سَلِّمْ کہنے والے غم زُدا کا ساتھ ہو


یا الٰہی! جو دعائے نیک میں تجھ سے کروں

قدسیوں کے لب سے آمیں رَبَّنَا کا ساتھ ہو


یا الٰہی! جب رؔضا خوابِ گراں سے سر اٹھائے

دولتِ بیدار عشقِ مصطفیٰ کا ساتھ ہو

مزید دیکھیے[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

پل سے اتارو راہ گزر کو خبر نہ ہو | یا الٰہی ہر جگہ تیری عطا کا ساتھ ہو | کیا ہی ذوق افزا شفاعت ہے تمہاری واہ واہ

امام احمد رضا خان بریلوی | حدائق بخشش