چمک تجھ سے پاتے ہیں سب پانے والے۔ امام احمد رضا خان بریلوی

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search
The printable version is no longer supported and may have rendering errors. Please update your browser bookmarks and please use the default browser print function instead.


شاعر : امام احمد رضا خان بریلوی

کتاب : حدائق بخشش

نعتِ رسولِ کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

چمک تجھ سے پاتے ہیں سب پانے والے

مِرا دل بھی چمکا دے چمکانے والے


برستا نہیں دیکھ کر ابرِ رحمت

بدوں پر بھی برسا دے برسانے والے


مدینے کے خطّے خدا تجھ کو رکھے

غریبوں، فقیروں کے ٹھہرانے والے


تو زندہ ہے واللہ! تو زندہ ہے واللہ!

مِرے چشمِ عالَم سے چھپ جانے والے


میں مجرم ہوں آقا! مجھے ساتھ لے لو

کہ رستے میں ہیں جا بہ جا تھانے والے


حرم کی زمیں اور قدم رکھ کے چلنا

ارے سر کا موقع ہے او جانے والے


چل اٹھ جبہہ فرسا ہو ساقی کے در پر

درِ جود اے میرے مستانے ’وا‘ لے


تِرا کھائیں تیرے غلاموں سے اُلجھیں

ہیں منکر عجب کھانے غُرّانے والے


رہےگا یوں ہی اُن کا چرچا رہے گا

پڑے خاک ہو جائیں جل جانے والے


اب آئی شفاعت کی ساعت اب آئی

ذرا چین لے میرے گھبرانے والے


رضؔا نفس دشمن ہے دم میں نہ آنا

کہاں تم نے دیکھے ہیں چندرانے والے

مزید دیکھیے

پیشِ حق مژدہ شفاعت کا سناتے جائینگے | چمک تجھ سے پاتے ہیں سب پانے والے | آنکھیں رو رو کے سُجانے والے

امام احمد رضا خان بریلوی | حدائق بخشش