چمنِ طیبہ میں سنبل جو سنوارے گیسو ۔ امام احمد رضا خان بریلوی

نعت کائنات سے
نظرثانی بتاریخ 12:20، 27 مارچ 2017ء از Admin (تبادلۂ خیال | شراکتیں) (←‏مزید دیکھیے)
(فرق) → پرانا نسخہ | تازہ ترین نسخہ (فرق) | تازہ نسخہ ← (فرق)
Jump to navigationJump to search


شاعر : امام احمد رضا خان بریلوی

کتاب : حدائق بخشش

نعت ِ رسول ِ کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

چمنِ طیبہ میں سنبل جو سنوارے گیسو

حور بڑھ کر شکنِ ناز پہ وارے گیسو


کی جو بالوں سے تِرے روضے کی جاروب کشی

شب کو شبنم نے تبرک کو ہیں دھارے گیسو


ہم سیہ کاروں پہ یا رب! تپشِ محشر میں

سایہ افگن ہوں تِرے پیارے کے پیارے گیسو


چرچے حوروں میں ہیں دیکھو تو ذرا یالِ براق

سنبلِ خلد کے قربان اتارے گیسو


آخرِ حج غمِ امّت میں پریشاں ہو کر

تیرہ بختوں کی شفاعت کو سدھارے گیسو


گوش تک سنتے تھے فریاد اب آئے تا دوش

کہ بنیں خانہ بدوشوں کو سہارے گیسو


سوکھے دھانوں پہ ہمارے بھی کرم ہو جائے

چھائے رحمت کی گھٹا بن کے تمھارے گیسو


کعبۂ جاں کو پنھایا ہے غلافِ مشکیں

اُڑ کر آئے ہیں جو ابرو پہ تمھارے گیسو


سلسلہ پا کے شفاعت کا جھکے پڑتے ہیں

سجدۂ شکر کے کرتے ہیں اشارے گیسو


مشک بو کوچہ یہ کس پھول کا جھاڑا ان سے

حوریو عنبرِ سارا ہوئے سارے گیسو


دیکھو قرآں میں شبِ قدر ہے تا مطلعِ فجر

یعنی نزدیک ہیں عارض کے وہ پیارے گیسو


بھینی خوشبو سے مہک جاتی ہیں گلیاں واللہ

کیسے پھولوں میں بسائے ہیں تمھارے گیسو


شانِ رحمت ہے کہ شانہ نہ جدا ہو دم بھر

سینہ چاکوں پہ کچھ اس درجہ ہیں پیارے گیسو


شانہ ہے پنجۂ قدرت تِرے بالوں کے لیے

کیسے ہاتھوں نے شہا تیرے سنوارے گیسو


احدِ پاک کی چوٹی سے الجھ لے شب بھر

صبح ہونے دو شبِ عید نے ہارے گیسو


مژدہ ہو قبلے سے گھنگھور گھٹائیں اُمڈیں

ابروؤں پروہ جھکے جھوم کے بارے گیسو


تارِ شیرازۂ مجموعۂ کونین ہیں یہ

حال کھل جائے جو اِک دم ہوں کنارے گیسو


تیل کی بوندیں ٹپکتی نہیں بالوں سے رؔضا

صبحِ عارض پہ لٹاتے ہیں ستارے گیسو


مزید دیکھیے[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

زائرو پاسِ ادب رکھو ہوس جانے دو | چمنِ طیبہ میں سنبل جو سنوارے گیسو | زمانہ حج کا ہے جلوہ دیا ہے شاہدِ گل کو

امام احمد رضا خان بریلوی | حدائق بخشش