سعادت

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search
FB IMG 1690891311342.jpg

کتاب : سعادت

شاعر: محسن رضا شافی

پبلشر: اوج پبلی کیشنز اردو بازار لاہور hafeezaoj@gmail.com

قیمت: 600 روپے

صفحات : 160

سالِ اشاعت : 2023

تعارف کنندہ : ارسلان ارشد

سعادت[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

زیرِ نظر نعتیہ مجموعے "سعادت" کے ذریعے کبیر والا ضلع خانیوال سے تعلق رکھنے والے محسن رضا شافی نے خود کو دنیائے نعت میں متعارف کروایا ہے یہ نعتیہ مجموعہ اُن کے شعری سفر کا اولین گلدستہ ہے جس میں اُنہیں مدحتِ مصطفےٰﷺ کی دلکش جلترنگ بکھیرنے کی "سعادت" حاصل ہوئی ہے۔ ابتدائی صفحات پر فہرست کے بعد جناب عباس عدیم قریشی، قمر رضا شہزاد، غائر عالم اور پروفیسر ناصر عباس اطہر کے کتاب اور صاحبِ کتاب بارے مختصر مضامین اور تہنیتی پیغامات ہیں جبکہ اظہارِ تشکر کے عنوان سے محسن رضا شافی نے خود اپنے ادبی سفر کے حوالے سے مختصراً آگاہ کیا ہے جس کے مطالعے سے پتہ چلتا ہے کہ "وہ 2003 سے شعر کہہ رہے ہیں مگر اُن کی شاعری میں نکھار 2012 میں معروف شاعر عباس عدیم قریشی صاحب کی شاگردی میں آنے کے بعد آیا اور اُن کا قلم نعتِ حبیبِ کبریاﷺ لکھنے پر مامور ہو گیا" کتاب میں موجود کلام کی بات کی جائے تو اسے تین ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے بابِ تحمید میں 2 حمدیں، بابِ سعادت میں 64 نعتیں، 2 سلام، 1 مسدس، 8 ہائکیو جبکہ بابِ سلام کے عنوان تلے امامِ عالی مقامؓ کی بارگاہ میں 4 مناقب پر مشتمل نذرانہ ہائے عقیدت و محبت شامل کئے گئے ہیں۔ محسن رضا شافی نے سادہ اسلوب میں اچھے شعر کہے ہیں جن میں عقیدت، وارفتگی اور شکر گزاری کا رنگ نمایاں دکھائی دیتا ہے جبکہ کئی ایک اشعار میں قرآن و احادیث کے حوالے بھی بہت عمدگی سے نظم کئے گئے ہیں جو شاعر کے وسیع مطالعے اور اعلیٰ شعری صلاحیت کی غمازی کرتے ہیں۔ معروف و مترنم بحور کے ساتھ آسان الفاظ و تراکیب کے استعمال اور کلام میں موجود ردھم کے باعث یہ کتاب ثنا خوانوں کے لئے بھی ایک اچھا انتخاب ثابت ہو سکتی ہے۔ جہاں اس کتاب میں مروجہ بحور و ردائف پر لکھا گیا کلام شامل ہے وہیں کچھ نعوت میں ایسے الفاظ کو بھی بطور ردیف استعمال کیا گیا ہے جن کا استعمال نعت میں بہت کم دیکھا جاتا ہے۔ آخر میں چند ایسی ہی منفرد نعتوں سے منتخب اشعار پیشِ خدمت ہیں

منتخب اشعار[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

ہر زمانے میں بعد از خدا سرفراز

کوئی دیکھا نہیں آپﷺ سا سرفراز


غزل کو چھوڑ اِدھر آ نجات کی جانب

صراطِ عشقِ محمدﷺ پہ، نعت کی جانب


یہ شعورِ ثنا، یہ متاعِ سخن

ہاں ملی ہے مجھے مصطفےٰﷺ کے طفیل


افلاک پر بھی ذکر شہِ بحر و بر کا ہے

گاتے ہیں قدسیان بہ رنگِ درود، گُن


الحمد تا والناس کی تفسیر میں شافی

دیکھے ہیں محمدﷺ ہی کے اذکار مقدس