حُسنِ بہاراں جانِ دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم (سید ادیب رائے پوری)

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search

حُسنِ بہاراں ، جانِ دو عالَم ، صلی اللہ علیہ وسلم

ہادیِ اُمّت، رہبرِ اعظم، صلی اللہ علیہ وسلم


عکسِ جمالِ حُسنِ الٰہی، رحمتِ رحماں، ظلِّ پناہی

ختمِ رسالت ، نعمتِ اتمم، صلی اللہ علیہ وسلم


ایسی اِک تصویر بنائی، جس کا مصور خود شیدائی

ذکر ہمارا کیا، اور کیا ہم ، صلی اللہ علیہ وسلم


ذوقِ سفر کو عرشِ مکاں ہے گردِ سفر میں کاہکشاں ہے

خادم ہیں جبریلِ مکرّم، صلی اللہ علیہ وسلم


جن کا مبارک نام اذاں میں، جن کا مقدّس ذکر قرآں میں

سب سے موخّر سب سے مقدّم، صلی اللہ علیہ وسلم


صبح انہی کے شام انہی کے، گردش میں سب جام انہی کے

عظمتِ انساں رتبہِ آدم، صلی اللہ علیہ وسلم


نیند ہماری، چین ہمارا، نامِ مُحَمّد پیارا پیارا

غم کا مداوا، زخم کا مرہم ، صلی اللہ علیہ وسلم


ایک طرف سب خلقِ خدا ہے ایک طرف وہ صَلِّ علٰی ہے

ہر شے ان کی شان سے ہے کم، صلی اللہ علیہ وسلم


حُسنِ سخن صد رنگِ گلستاں، جنبشِ لب آغازِ بہاراں

اُمّی کی گفتار کا عالَم، صلی اللہ علیہ وسلم​