حضور آپ کا اسوہ جہان رحمت ہے

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search


ریاض حسین، ساہیوال، پاکستان،[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

مکمل نام : پروفیسر ریاض حسین زیدی


نبی کے فیض سے اڑتی رتوں میں رنگت ہے

کلی کلی میں عجب لذتِ لطافت ہے


حضور آپ نے ٹوٹے دلوں کو جوڑ دیا

حضور آپ کا دم ہر طرح غنیمت ہے


حضور آپ کی قربت جسے میسر ہے

بلند بخت ہے اس کی بڑی سعادت ہے


زمین و عرش ہو یا بحر و بر کہیں بھی ہو

عروج پر تو فقط آپ کی نبوت ہے


حضور آپ کا نقشِ قدم ہے راہِ حیات

رسائی آپ کی تو ماورائے رفعت ہے


فیوض آپ کے انسانیت سنوار گئے

کھلا کہ خدمتِ انسانیت عبادت ہے


خدا نے رحمت اللعالميں کہا جس کو

حضور آپ کا اسوہ جہانِ رحمت ہے


جہاں میں عز و شرف آپ سے ہے وابستہ

بروزِ حشر شفا آپ کی شفاعت ہے


ریاض چین کہاں آپ کے بغیر مجھے

جو ایک پل بھی ہو دور آپ سے قیامت ہے