جس نے سمجھا عشق محبوب خداﷺ کیا چیز ہے ۔ نصیر الدین نصیر

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search
The printable version is no longer supported and may have rendering errors. Please update your browser bookmarks and please use the default browser print function instead.


شاعر : نصیر الدین نصیر

نعتِ رسولِ آخر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

جس نے سمجھا عشق محبوب خداﷺ کیا چیز ہے

وہ سمجھتا ہے دعا کیا، مدعا کیا چیز ہے


کوئی کیا جانے کہ شہر مصطفیﷺ کیا چیز ہے

پوچھئے ہم سے مدینے کی ہوا کیا چیز ہے


شافع محشرﷺ کے دامن میں چھپا بیٹھا ہوں میں

کیا خبر ہنگامہ روز جزا کیا چیز ہے


ہر مرض میں خاک راہ مصطفیﷺ ہے کارگر

سامنے اکسیر کے کوئی دوا کیا چیز ہے


دل منور ہوگیا آنکھیں منور ہو گئیں

اللہ اللہ سبز گنبد کی فضا کیا چیز ہے


یہ سمجھنا ہم نے سمجھا ہے شہ لولاکﷺ سے

خلق میں ٹوٹے ہوئے دل کی صدا کیا چیز ہے


مطمئن ہو جائے گا دم بھر میں قلب مضطرب

دیکھ لو ذکر نبیﷺ یاد خدا کیا چیز ہے


حشر میں تم کو گنہ گارو پتا چل جائے گا

سایہ لطف محمد مصطفیﷺ کیا چیز ہے


رحمت عالم ، شفیع المذنبین، شاہ امم

ایک ذات مصطفیﷺ ہے اور کیا ، کیا چیز ہے


زلف و روئے مصطفیﷺ کو دیکھ کر سمجھا نصیر

صبح گلشن ، بوئےگل، باد صبا کیا چیز ہے

مزید دیکھیے

نصیر الدین نصیر