برتر قیاس سے ہے مقامِ ابو الحُسین ۔ امام احمد رضا خان بریلوی

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search
The printable version is no longer supported and may have rendering errors. Please update your browser bookmarks and please use the default browser print function instead.


شاعر : امام احمد رضا خان بریلوی

کتاب : حدائق بخشش

منقبت

در منقبت سیدنا ابو الحسین احمد نوری قدس سرہ الشریف کہ وقت مسند نشینی حضرت ممدوح در 1297 ھ عرض کردہ شد


بر تر قیاس سے ہے مقامِ ابو الحسین

سدرہ سے پوچھو رفعتِ بام ابو الحسین


وارستہ پائے بستۂ دامِ ابو الحسین

آزاد نار سے ہے غلامِ ابو الحسین


خطِّ سیہ میں نورِ الٰہی کی تابشیں

کیا صبحِ نور بار ہے شام ابو الحسین


ساقی سنادے شیشۂ بغداد کی ٹپک

مہکی ہے بوئے گل سے مدامِ ابو الحسین


بوئے کبابِ سوختہ آتی ہے مے کشو!

چھلکا شرابِ چشت سے جامِ ابو الحسین


گلگوں سحر کو ہے سَہَرِ سوزِ دل سے آنکھ

سلطانِ سہرورد ہے نامِ ابو الحسین


کرسی نشیں ہے نقشِ مراد اُن کے فیض سے

مولائے نقش بند ہے نامِ ابو الحسین


جس نخلِ پاک میں ہیں چھیالیس ڈالیاں

اک شاخ ان میں سے ہے بنامِ ابو الحسین


مستوں کو اے کریم بچائے خمار سے

تا دورِ حشر دورۂ جامِ ابو الحسین


اُن کے بھلے سے لاکھوں غریبوں کا ہے بھلا

یا رب زمانہ باد بکامِ ابو الحسین


میلا لگا ہے شانِ مسیحا کی دید ہے

مُردے جِلا رہا ہے خرامِ ابو الحسین


(ق)

سر گشتہ مہر و مہ ہیں پر اب تک کھلا نہیں

کس چرخ پر ہے ماہِ تمامِ ابو الحسین


اتنا پتا ملا ہے کہ یہ چرخِ چنبری

ہے ہفت پایہ زینۂ بامِ ابو الحسین


ذرّے کو مہر، قطرے کو دریا کرے ابھی

گر جوش زن ہو بخششِ عامِ ابو الحسین


یحییٰ کا صدقہ وارث اقبال مند پائے

سجادۂ شیوخِ کرامِ ابو الحسین


انعام لیں بہار جناں تہنیت لکھیں

پھولے پھلے تو نخل مرامِ ابو الحسین


اللہ ہم بھی دیکھ لیں شہزادہ کی بہار

سونگھے گل مراد مشامِ ابو الحسین


آقا سے میرے ستھرے میاں کا ہوا ہے نام

اس اچھے ستھرے سے رہے نامِ ابو الحسین


یا رب وہ چاند جو فلکِ عزّ و جاہ پر

ہر سیر میں ہو گام بگامِ ابو الحسین


آؤ تمھیں ہلالِ سپہرِ شرف دکھائیں

گردن جھکائیں بہرِ سلامِ ابو الحسین


قدرت خدا کی ہے کہ طلاطم کناں اٹھی

بحرِ فنا سے موجِ دوامِ ابو الحسین


یا رب ہمیں بھی چاشنی اس اپنی یاد کی

جس سے ہے شکّریں لب و کامِ ابو الحسین


ہاں طالعِ رؔضا تِری اللہ رے یاوری

اے بندۂ جُدودِ کرامِ ابو الحسین


مزید دیکھیے

وصفِ رُخ ان کا کیا کرتے ہیں شرحِ والشمس و ضحٰی کرتے ہیں | برتر قیاس سے ہے مقامِ ابو الحُسین | زائرو پاسِ ادب رکھو ہوس جانے دو

امام احمد رضا خان بریلوی | حدائق بخشش