اُردو نعت کا چہار چمن ۔ ڈاکٹر تحسین فراقی

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search

Tehsin Faraqi.jpg

مضمون نگار: تحسین فراقی

مطبوعہ : نعت رنگ ۔ شمارہ نمبر 27


ABSTRACT[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

Muzaffar Warsi was a prominent, renowned and famous poet of Naat. The article placed hereunder sheds some light over the craftsmanship of poet besides reflection of his deep love with the Holy Prophet Muhammad (S.A.W). Some Naatia couplets are also placed with critical commentary to highlight beauty of expression.

اُردو نعت کا چہار چمن[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

نعتِ نبی ؐکے نقطہ بہ نقطہ اور دائرہ در دائرہ بڑھتے اور پھیلے سرمایے کا میں جب بھی تصور کرتا ہوں، مجھے شیخ عبد الرحیم البرعی کا یہ قول یا د آتا ہے: ’’زمانہ جوں جوں گزرتا جاتا ہے، آپؐ کاجمال بڑھتا جاتا ہے‘‘۔ اس جمالِ محمدی ؐ کا ظہور ایک صحرائے بے نام سے ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے اس چٹیل صحرا سے ایک سرسبز عالم اور ایک روشن نظامِ عالم وجود میں آگیا، ایک نئی زندگی ، ایک روشن تمدن ،ایک انوکھا طرزِ حکومت اور ایک نرالا اسلوبِ معاشرت و ثقافت ، جس کا فیضان ایران و ہند سے مراکش اور اندلس تک اور جزیرۂ عرب سے جزائرِ غرب و شرقِ ہند تک پھیلا ہے اور ’’ رفعنا لک ذکر ک ‘‘ کی ایک زندہ دلیل بنا ہوا ہے ۔رفعتِ ذکر کے اس باغ ہمیشہ بہار میں جناب مظفر وارثی نے بھی نعت کے تازہ پھول کھلائے ہیں۔ ان کے چار نعتیہ مجموعے، بابِ حرم، نورازل، کعبۂ عشق اور دل سے درِنبی ؐ تک، حضور اکرم ؐ سے ان کے عشق و عقیدت کے زندہ ثبوت ہیں اور گویا ان کے حق میں چار دفترِ شفاعت۔

مظفر وارثی صاحب نے اپنے چوتھے نعتیہ مجموعے میں ایک جگہ لکھا ہے کہ وہ عشق کی انگوٹھی میں لعل کی مثال جَڑے ہیں۔ یہ شاعر کا بیانِ محض نہیں بلکہ ایک ایسی حقیقت ہے جس کا مظہر ان کا تخلیق کردہ نعتیہ ادب ہے جو عشقِ محمد ؐ کی آنچ سے لپٹا ایک بھڑکتا ہوا درختِ چنار ہے، اور خود شاعر برگِ حنا کی طرح اپنے باطن میں لہو لہو ۔ عشقِ محمد ؐ کی آتشِ بے دُود سے شعلہ بجاں!

اہلِ علم سے مخفی نہیں کہ اصنافِ شعر میں نعت مشکل ترین صنف ہے۔ لکنت یہیں کرتی ہیں زبانیں فصحاء کی۔ اس صنف میں جاننے سے زیادہ دیکھنے کی قیمت پڑتی ہے۔ کامیاب نعت اس وقت تک کیسے کہی جا سکتی ہے جب تک نبی اکرم ؐکے ساتھ والہانہ محبت اس درجے میں نہ پہنچ جائے کہ ان ؐ کی ذات چاہنے والے کے لیے حاضر و موجود تجربہ بن جائے۔ وارثی صاحب کی نعتیں اس بات کی کھلی گواہی دیتی ہیں کہ حضور اکرم ؐ کی ذات ان کے لیے ایک زندہ روحانی اور باطنی تجربہ ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ گلے کے رستے نہیں، روح کے واسطے سے نعت کہتے ہیں، سنائی نے کس قدر درست کہا تھا:

اے سَنائی از رہِ جاں گوئی مدحِ مصطفی ؐ

تاترا سُوئے سپہرِ برتریں سُلّم بوُد

اورمظفر وارثی کا یہ قول کتنی بڑی وجدانی صداقت کا حامل ہے جب وہ کہتے ہیں:

میں اُن ؐ میں فنا ہو کے انھیں دیکھ رہا ہوں

وہ زندہ سلامت پسِ دیوارِ عدم ہیں

مظفر وارثی کی نعت کا ممتاز ترین وصف اس کا گداز ہے۔ سپردگی اور والہیت ہی سے نعت کی شریانوں میں زندگی کا لہو دوڑتا ہے۔ وارثی صاحب کی نعتوں میں پیازی آنسوؤں کے کتنے ہی لعلِ شب چراغ روشن نظر آتے ہیں۔ بس یوں سمجھیے کہ اشک و آستین کا مضمون ہے:

ع ز چشمم آستیں بردار و گوہر را تماشا کن

سوز اور گداز کی اس نعمت میں دیوہ شریف کے اس شیخ کے فیضِ روحانی کا حصہ بھی ہے جن کے باعث مظفر ،وارثی ہیں اور وارثِ گنجینہُ نعت!

گداز، طلب، تپک اور تڑپ کے تیور ان کے چاروں نعتیہ مجموعوں میں جگہ جگہ مشہود و مبرہن ہیں اور محسوس ہوتا ہے کہ شاعر کے لیل و نہار واقعی یادِ رسول ؐ میں حلقہ بگوش ہو چکے ہیں، ------- - اور اس کا پورا وجود رشتہ برشتہ اور تار بہ تار مہرِ رسول ؐمیں ڈوب چکا ہے۔ چند شعر دیکھیے جن میں سے بعض اپنی متحرک تمثالوں کے حوالے سے بھی ناقابلِ فراش ہیں:

نہ دھنک نہ تارہ نہ پھول ہوں

قدمِ حضورؐ کی دھول ہوں

میں شہیدِ عشقِ رسولؐ ہوں

مری موت کو بھی بقا کہو

_____

تو ؐ ہی میرا مدار

تو ؐ ہی میرا حصار

تو ؐمرے آ ر پار

جیسے شیشے سے نور

_____

ہونٹ جب متصّل ہوں ترے اسم سے

روشنی پھوٹتی ہے مرے جسم سے

یوں تری مشعلیں

میرے اندر جلیں

جگمگاؤں تمام

تجھ پہ لاکھوں سلام

_____

مری روح تیری غلام تھی، یہ ازل سے ہی ترے نام تھی

میںیہاں ہی تیرا نہیں ہوا، مرا تجھ سے ربط عدم سے ہے

_____

ان کی راہوں پہ مجھے اتنا چلانا یارب

کہ سفر کرتے ہوئے گردِ سفر ہو جاؤں

ضرب دوں خود کو جو اُ ن ؐسے تو لگوں لاتعداد

وہ جو مجھ میں سے نکل جائیں صفر ۱؂ ہو جاؤں

_____

چھاپ دے اپنے خدو خال مری آنکھوں پر

پھر رہائش کے لیے آئنہ خانہ دے دے

_____

جب اُنؐ کی یادوں کا آئے ریلا

لگے ہرے گنبدوں کا میلا

میں اپنے اندر ہجوم بن کر

طواف کرتا رہوں اکیلا

حرم سے نکلیں حضور عالیؐ

تو ان کے ہمراہ چلنے والی

ہواؤں کا روپ دھارتا ہوں

بنی ؐ بنی ؐ بس پکارتا ہوں

گداز اور والہانہ پن کا یہ سیلِ بے پناہ ،جب کہیں ،کہیں ہندی روپ رس میں اپنا جلو دکھاتا ہے تو یوں لگتا ہے جیسے برہا کی ماری کملی ناری پیت کی پرتیںِ کھول رہی ہے:

تنہائی میں بھیڑ لگا دوں ، بھیڑ میں پھروں اکیلی

تیری راہ میں لٹ کر میں نے اپنی قیمت لے لی

نام ترا لے لے کر اپنے آپ کو دوں آوازیں

تیرے اندر ڈوب کے پار اتر گئی میں البیلی

ٹھاٹھیں مار رہے ہیں مجھ میں عشق کے سات سمندر

جب سے مجھ پر تو نے رحمت کی اک بوند انڈیلی!

یہ سوز، یہ خود فراموشی، یہ سپردگی، یہ کاہش ، یہ تڑپ اور یہ خود گدازی اردو نعت میں نایاب تو نہیں کمیاب ضرور ہے۔

وارثی صاحب کی نعت کا دوسرا نمایاں و صف یہ ہے کہ انھوں نے نعت کے پیرائے میں نبی اکرم ؐ کی انقلاب انگیز سیرت کو بھی خوبی سے نمایاں کیا ہے۔ اور میرا خیال ہے کہ نعت کے اس پہلو کو نمایاں کرنا ضروری ہے تا کہ معاشرے میں ایک ہمہ گیر انقلاب کی بنیاد ڈالی جا سکے اور اذہان و قلوب میں معنوی تبدیلی پیدا کی جا سکے:

تاج نہ طرہ مال نہ مایا

اور ساری مخلوق رعایا

انسانوں کے بھاگ جگائے

تہذیبوں کی پلٹی کایا

اس کا تکلّم حکم الٰہی

اس کی زباں سے بولے خدا ہی

بات آفاقی، لہجہ مدھم

صلّی اللہ علیہ وسلم

_____

اصول یکتا، حیات یکتا، عجیب ہے اس کی ذات یکتا

کہ اس کی یکتائی کے جلومیں جلوسِ جمِ غفیر آیا

مٹا دیے سب غرور اس نے ، عطا کیا وہ شعور اس نے

کہ آپ اپنے مقابلے پر، ہر آدمی کا ضمیر آیا!

نعتِ نبی ؐکی تخلیق کے لیے وارثی صاحب نے پابندو آزاد کے نو بہ نو پیرایے چُنے ہیں۔ ان کا آہنگ ہےئت اور دروبست ہی کے حوالے سے منفرد نہیں، معانی و مضامین میں بھی اپنی انفرادیت کا عَلم کُشا ہے۔ اپنی بعض نعتیں انھوں نے اپنے مخصوص عمدہ ترنم پر ڈھالی ہیں۔ تازہ ہئیتوں اور منفرد اسلوبِ بیان نے ان نعتوں کو تاثیر کی غیر معمولی صلاحیت عطا کی ہے۔ منفرد اسلوبِ بیان کے چند نمونے دیکھیے:

حشر کے میداں سے کُچھ کم تو نہیں دنیا بھی

ایسے جیو، جیسے ہر دن پرسش کا دن ہے

تقلیدِ سرکارِ دو عالم ؐ کے فیتے سے

اپنے اپنے قد کی پیمائش کا دن ہے

_____

آواز دی تو رحمتِ سرکار رک گئی

جو دل پہ چل رہی تھی وہ تلوار رُک گئی

جاتا ہوا وقار ملا ان کے نام پر

سر سے گری تو ہاتھ پہ دستار رُک گئی

_____

محاذِ نفس پہ سُنّت کی سربراہی میں

قسم خدا کی بڑا قتلِ عام کرتا ہوں۔

حق یہ ہے کہ مومن کے لیے یہ قتل مباح بلکہ واجب ہے اور اسی قتل میں حیات ہے؛

اِنَّ فیِ قَتلی حَےَاتیِ

وارثی صاحب کے اس توانا اور عشق افروز نعتیہ سرمایے میں کہیں کہیں اظہار کی لکنت بھی ہے اور بعض مصرعے ثمر نیم رس کی مثال ہیں۔امام شرف الدین بو صیری ؒ نے درست فرمایا تھا کہ آپ ؐکے مداح خواں آپؐ کی صفات کے صرف عکس ہی دکھاتے ہیں۔ کیا کیا جائے تالاب ستارا نہیں ستارے کا عکس ہی دکھا سکتا ہے ۔ بحیثیت مجموعی وارثی صاحب نے مہرِ انور کے جو عکس دکھائے ہیں، بڑی جگر کاوی ، سہولت اور احتیاط سے دکھائے ہیں:

ہر ایک سانس محمد ؐکے نام پر نکلا

خیال ذہن سے احرام باندھ کر نکلا

کہی ہے نعتِ نبی ؐ روح کی نمو کے لیے

لہو میں ڈوب گیا ہے قلم وضو کے لیے

لگتا ہے کہ غزل کے میدان میں ایک عمر کی نتیجہ خیز ریاضت کرنے والے شاعر کو اپنی بہتر منزل مل گئی اس کی زندگی کے خزاں آثار گلستان میں عشقِ محمد ؐ کی سبز خوشبو کے جھونکے پے درپے چلنے لگے اور نعتوں کے گلابوں نے سرشاخِ تخیل کھل کر اردو کے نعتیہ ادب کا ایک زندہ ، توانا، شور انگیز اور عشق خیز چہار چمن ترتیب دے دیا ہے جس کے لیے ہمارا یہ نہایت محترم شاعر مبارک باد کا مستحق ہے۔

مزید دیکھیے[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

نعت کائنات پر نئی شخصیات