یا رب میں گنہگار ہوں توبہ قبول ہو

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search


نعتِ رسولِ آخر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

یا رب میں گنہگار ہوں توبہ قبول ہو

عصیاں پہ شرم سار ہوں توبہ قبول ہو

جاں سوزو دل فگار ہوں توبہ قبول ہو

سر تا پا اِنکسار ہوں توبہ قبول ہو

توبہ قبول ہو میری توبہ قبول ہو


گذری تمام عمر میری لہو ولعب میں

نیکی نہیں ہے کوئی عمل کی کتاب میں

صالح عمل بھی کوئی نہیں حساب میں

دستِ دعا بلند ہے تیری جناب میں

توبہ قبول ہو میری توبہ قبول ہو


عیش و نشاط ہی میں گزاری ہے زندگی

ہر زاویے سے اپنی سنواری ہے زندگی

میرا خیال یہ تھا کہ جاری ہے زندگی

لیکن یہ حال اب ہے کہ بھاری ہے زندگی

توبہ قبول ہو میری توبہ قبول ہو


تیرے کرم کو تیری عطا کو بُھلا دیا

اعمال کی جزا و سزا کو بُھلا دیا

طاقت ملی تو کرب و بلا کو بُھلا دیا

ہر ناتواں کی آہِ رسا کو بُھلا دیا

توبہ قبول ہو میری توبہ قبول ہو


میں تو سمجھ رہا تھا کہ دولت ہے جس کے پاس

اُس کو نہ کوئی خوف ہے اُس کو نہ کچھ ہراس

ہوگا نہ زندگی میں کسی وقت وہ اُداس

لیکن وہ میری بھول تھی، اب میں ہوں محوِ یاس

توبہ قبول ہو میری توبہ قبول ہو


میں ہوں گنہگار مگر تُو تو ہے کریم

میں ہوں سیاہ کار مگر تُو تو ہے رحیم

میں ہوں فنا پذیر مگر تُو تو ہے قدیر

میں ادنیٰ و حقیر سہی تُو تو ہے عظیم

توبہ قبول ہو میری توبہ قبول ہو


یا رب تِرے کرم تیری رحمت کا واسطہ

یا رب تِری عطا تیری نعمت کا واسطہ

یا رب تیرے جلال و جلالت کا واسطہ

یا رب رسولِ حق کی رسالت کا واسطہ

توبہ قبول ہو میری توبہ قبول ہو


میں اعتراف کرتا ہوں اپنے قصور کا

میں ہوگیا تھا ایسے گناہوں میں مبتلا

جن کی ہے آخرت میں کڑی سے کڑی سزا

لیکن مجھے تو تیرے کرم سے ہے آسرا

توبہ قبول ہو میری توبہ قبول ہو