ہر شعبہ ءِ حیات میں امکان نعت ہے پر محمد احمد زاہد کی رپورٹ

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search

احمد زاہد

ایونٹ : ہر شعبہ حیات میں امکان نعت ہے پر طرحی مشاعرہ

رپورٹ : محمد احمد زاہد

اپنے ادارے کی نعتیہ سرگرمیاں، کتابوں کا تعارف اور دیگر خبریں بھیجنے کے لیے رابطہ کیجئے۔Email.png Phone.pngWhatsapp.jpg Facebook message.png

Youtube channel click.png


تاریخ کا بنظرِ غائر مطالعہ اور تنقیدی جائزہ لیا جائے تو یہ حقیقت روز روشن کی طرح واضح اور عیاں ہو گی کہ جتنی بھی بڑی بڑی کامیابیاں ملتی ہیں ان کے پیچھے کثیر رقم یا خطیر مادی وسائل نہیں ہوتے بلکہ خلوص اور شبانہ روز محنت کا اثر ہوتا ہے ،یہ ازل سے قانونِ الہی رہا ہے کہ جس نے بھی خلوص کا دامن پکڑ لیا کامیابی اس کا مقدر بن گئی اور پھر دنیا نے اس کا اثر بھی بجا طور پر ملاحظہ کیا۔ جسطرح میدانِ بدر میں تین سو تیرہ نفوسِ نے اپنے خلوص سے ایک ہزار کے لشکر کو ناکوں چنے چبوا دیے اور چاروں شانے چت کرتے ہوئے فتحِ مبین حاصل کی اور آئندہ کے لئے ایک ٹرینڈ بھی سیٹ کر دیا کہ کامیابی کے لئے واحد طریقہ صرف اور صرف خلوص ہی ہے۔ یہی وہ جذبۂ خلوص و محبت تھا جس کے تحت جب ابو الحسن خاورنے رمضان المبارک کی برکتوں اور سعادتوں سے لبریز ساعتوں میں اپنے فیس بک پر چلنے والے گروپ نعت ورثہ میں لقد کان لکم فی رسول اللہ اسوة حسنة کی منظوم ترجمانی کرتا ہوا مصرع ،، ہر شعبہ حیات میں امکان نعت ہے ،، پیش کیا تو آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نعت گوئی کے شیدائیوں کا شوق اور ذوق دیدنی تھا ،ہر شاعر محبت اور وفورِ عشق میں حضرتِ حسان بن ثابت رضی اللہ تعالی عنہ کی طرح اپنی محبتِ رسول ﷺ کا قرض اتارنے اور فرض پورا کرنے کی کوشش میں لگا نظر آیا ،بہت سے نعتیہ مشاعرے ہوتے رہے ہیں لیکن جتنی کثرت سے یہاں شعراء نے اپنی عقیدت کا اظہار کیا ہے وہ ابھی تک کہیں اور نظر نہیں آیا اس لحاظ سے یہ تاریخی اور ریکارڈ ساز مشاعرہ معلوم ہوتا ہے جس کے پیچھے رمضان المبارک کی برکتوں کا اثر ہی نظر آتا ہے ورنہ کم و بیش تین سو شعراء کا اس مصرعے پر اپنا کلام پیش کرنا اک خواب ہی معلوم ہوتا ہے

ابو الحسن خاور کی شبانہ روز محنت اور نعتِ رسول ﷺ سے پرخلوص لگن کے علاوہ حافط محبوب احمد ، حسین شاہ زاد، مرزا حفیظ اوج ، سمیرا بلوچ اور غلام جیلانی سحر کا حسنِ تعاون بھی اس ایونٹ اور مشاعرے کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے یادگار بنانے میں ایک پلس پوائنٹ رہا اور الحمدللہ راقم کو بھی فائنل آٹھ اشعار کی پوسٹ پر شعراء کو مینشن کرنے کی سعادت نصیب ہوئی جس کے لئے اللہ تعالی ،رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد ابو الحسن خاور کا بہت زیادہ شکرگزار ہوں کہ جنہوں نے سعادت کا موقع عنایت کیا ہے ۔

اس شاندار کامیابی کو یادگار اور محفوظ بنانے کی غرض سے اس مشاعرے کو کتابی شکل میں پیش کرنے کی بھی پلاننگ کی گئی ہے اور ان شاءاللہ جلد ہی یہ تاریخ ساز نعتیہ شہکار منظرِ عام پر آ کر نعتیہ ادب میں ایک خوشگوار اضافہ ثابت ہو گا۔

یوں تو ہر شاعر نے اپنی عقیدت بہترین انداز اور محبت و عشق میں ڈوب کر پیش کی ہے لیکن کچھ شعراء کے اشعار اپنے بہترین مضمون اور تخیلاتی زرخیزی کے باعث بہت زیادہ اچھے ،عمدہ اور بہترین ثابت ہوئے ہیں جن میں سے تقریباً بیس اشعار کا انتخاب یہاں رپورٹ کا حصہ بنایا جارہا ہے ۔


ہوں طرزِ فکر پر جو کرم کی تجلیاں

"ہر شعبہ ءِ حیات میں امکان نعت ہے

سید وحید القادری عارف


محفوظ حرف حرف جو قرآنِ نعت ہے

خود رب کائنات نگہبان نعت ہے

غلام جیلانی سحر


لوح و قلم نے کاڑھا ہے توصیف کا لباس

یہ کائنات وسعتِ دامانِ نعت ہے

سجاد بخاری


مدحِ رسولﷺ سے مری قسمت سنور گئی

کس درجہ میری ذات پہ احسانِ نعت ہے

نذیر اے قمر


نو ک قلم پہ آتے ہیں الفاظ غیب سے

مقصود اور کیا ہے یہ فیضانِ نعت ہے

مقصود احمد ملک


قاری ہو کوزہ گر ہو معلم ہو یا ادیب

ہر گوشۂ حیات میں امکان نعت ہے

رضوان انجم


ہے نورِ مصطفےٰ ﷺ سے زمانے میں روشنی

سب کائنات شمعِ شبستان نعت ہے

ذوالفقار نقوی


مجھ پر جو حرف و معنی کے دفتر ہوئے ہیں وا

یہ اہلیت نہیں مری احسانِ نعت ہے

عباس عدیم قریشی


عزت بھری نگاہ سے تکتے ہیں مجھ کو لوگ

نوری یہ اور کچھ نہیں فیضانِ نعت ہے

ندیم نوری برکاتی


الحمد ابتداء ہے تو والناس انتہا

قرآن سارا دیکھیے سامانِ نعت ہے

عدنان حسن زار


مجھ پر تری حديث کے جوہر نہیں کھلے

کس منہ سے میں کہوں مجھے عرفانِ نعت ہے

فائق ترابی


اس سے بڑا شرف نہیں زینب کوئی یہاں

کاسے میں ہم گداؤں کے فیضانِ نعت ہے

سیدہ زینب سروری


اپنی تو جستجو کا خلاصہ یہی ہے اوج

جو کچھ ہے کائنات میں امکان نعت ہے

مرزا حفیظ اوج


جب سے خیال ڈھل گئے اشعار میں مرے

ہر سانس میں بسا ہوا عنوان نعت ہے

نگار سلطانہ


کیا صرف شعر گوئی ہی شایانِ نعت ہے

ہر شعبہ حیات میں امکان نعت ہے

ابو الحسن خاور


سمجھوں گا عمر بھر کی ریاضت کا پھل اسے

اک لفظ بھی اگر مرا شایانِ نعت ہے

ارشد جمال صارم


عشقِ نبی کے نور سے روشن ہے جس کا دل

پھر اس پہ صبح و شام ہی فیضانِ نعت ہے

سمعیہ ناز


جب راعنا پکارنا جائز نہیں ہے پھر

ہر لفظ دیکھ بھال یہ میدانِ نعت ہے

احمد عقیل

نہ قدرتِ کلام نہ فہمِ سخنوری

سلطانِ انبیاء کا ادب جان نعت ہے

جنید نسیم سیٹھی


عزت بنی ہوئی ہے زمانے میں جو ریاض

میرے لئے یہ سارا ہی فیضانِ نعت ہے

ریاض احمد قادری


آوازِ کن فکاں ہے خصائص کا زمزمہ

گویا ظہورِ ہست بھی اعلانِ نعت ہے

جاوید عادل سوہاوی


سانسیں بدن میں سطریں مدحِ رسولﷺ میں

سامانِ زیست ہی مرا سامانِ نعت ہے

مقصود علی شاہ


معصوم خوش نصیب رقم نعت میں نے کی

پائی ہے راہ جس سے وہ حسان نعت ہے

انعام الحق معصوم صابری

مجھے قوی امید ہے کہ آنے والے دنوں اور سالوں میں اس پر مزید ورک ہو گا اور نعتیہ ادب کے حوالے سے یونیورسٹیوں کے سٹوڈنٹس اپنے مقالہ جات کا موضوع بنائیں گے

رپورٹ پہلے ہی کافی طویل ہو چکی ہے اب اس دعا کے ساتھ اختتام کرتا ہوں کہ میدانِ نعت میں اس طرح کی سرگرمیاں جاری رہیں کبھی بھی اس پر جمود طاری نہ ہو ))


مزید دیکھیے[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

ہر شعبہ حیات میں امکان نعت ہے


اپنے ادارے کی نعتیہ سرگرمیاں، کتابوں کا تعارف اور دیگر خبریں بھیجنے کے لیے رابطہ کیجئے۔Email.png Phone.pngWhatsapp.jpg Facebook message.png

Youtube channel click.png
مشاعرہ ادارہ / زیر سر پرستی روپورٹ
چوتھی سالانہ محفلِ کشورِ نعت نعت لائبریری، شاہدرہ ، یوسف ورک قادری ارسلان ارشد
نعت لائبریری، شاہدرہ کی 43 ویں ماہانہ محفلِ کشورِ نعت نعت لائبریری، شاہدرہ ، یوسف ورک قادری ارسلان ارشد
اپریل 2020 ۔ 40 ویں ماہانہ محفلِ کشورِ نعت نعت لائبریری، شاہدرہ ، یوسف ورک قادری ارسلان ارشد
انتالیسویں مشاعرے کی مفصل کارروائی کی رپورٹ ۔ ڈاکٹر ذوالفقار علی دانش ادارہ محفلِ نعت پاکستان، حسن ابدال اور چوپال ذوالفقار علی دانش
فروری 2020 ۔ 38 ویں ماہانہ محفلِ کشورِ نعت، شاہدرہ نعت لائبریری، شاہدرہ ، یوسف ورک قادری ارسلان ارشد
جنوری 2020 ۔ 37 ویں ماہانہ محفلِ کشورِ نعت، شاہدرہ نعت لائبریری، شاہدرہ ، یوسف ورک قادری ارسلان ارشد
سینتیسویں مشاعرے کی مفصل کارروائی کی رپورٹ ۔ ڈاکٹر ذوالفقار علی دانش ادارہ محفلِ نعت پاکستان، حسن ابدال اور چوپال ذوالفقار علی دانش
تیسری سالانہ محفلِ کشورِ نعت نعت لائبریری، شاہدرہ ، یوسف ورک قادری ارسلان ارشد
اکتوبر 2019 ۔ 34 ویں ماہانہ محفلِ کشورِ نعت نعت لائبریری، شاہدرہ ، یوسف ورک قادری ارسلان ارشد
"نعت کائنات " پر اپنے تعارفی صفحے ، شاعری، کتابیں اور رسالے آن لائن کروانے کے لیے رابطہ کریں ۔ سہیل شہزاد : 03327866659
نئے صفحات